• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایل سی کھلنے میں مسائل، علاقائی ممالک کو ایکسپورٹ میں کمی کا سامنا

کراچی(اسٹاف رپورٹر) لیٹر آف کریڈٹ کھولنے کے مسائل کی وجہ سےپاکستان کو علاقائی ممالک کو ایکسپورٹ میں کمی کاسامنا ،خطے کے 9 ممالک کیلئے برآمدات مالی سال 2023کے ابتدائی 8 مہینے میں18.28فیصد کم ہو گئی ہیں ، جس کی بنیادی وجہ چین کو شپمنٹس میں کمی ہے۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری اعداد و شمارکے مطابق رواں مالی سال کے دوران کمی صرف برآمدات تک ہی محدود نہیں رہی بلکہ خاص طور پر چین سے درآمدات میں بھی تنزلی ہوئی، حکومت کے کفایت شعاری اقدامات کی وجہ سے درآمدی کنٹینرز کی کلیئرنس کا انتظار ہے کیونکہ صارفین کی اشیا کے لیے لیٹر آف کریڈٹ کھولنا ترجیحی فہرست میں شامل نہیں۔ملک کی افغانستان، چین، بنگلہ دیش، سری لنکا، بھارت، ایران، نیپال، بھوٹان اور مالدیپ کے لیے برآمدات کم ہو کر 2ارب 41کروڑ ڈالر رہیں، یہ جولائی سے فروری 2023تک پاکستان کی کل برآمدات 18.1ارب ڈالر کا صرف 12.92 فیصد ہے۔پاکستان علاقائی ممالک میں سب سے زیادہ برآمدات چین کو کرتا ہے جبکہ زیادہ آبادی والے ملک بھارت اور بنگلہ دیش پیچھے رہ گئے، تاہم پاکستان کی چین کے لیے برآمدات میں مالی سال کی پہلی ششماہی میں سالانہ بنیادوں پر منفی نمو دیکھی گئی، پاکستان خطے کے ممالک کے لیے کل برآمدات کا 55.77 فیصد چین کو بھیجتا ہے جبکہ باقی برآمدات دیگر 8 ملکوں کو کی جاتی ہیں۔مالی سال 2023 میں جولائی سے فروری کے دوران پاکستان کی چین کے لیے برآمدات 27.53 فیصد کم ہو کر ایک ارب 33 کروڑ ڈالر رہ گئیں، جو گزشتہ برس اسی عرصے کے دوران ایک ارب 84 کروڑ ڈالر تھی، تاہم زیر جائزہ مدت کے دوران سالانہ بنیادوں پر چین سے درآمدات بھی 37.38 فیصد گر کر 7 ارب 6 کروڑ 60 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔

ملک بھر سے سے مزید