کراچی (افضل ندیم ڈوگر) جارجیا کے دارالحکومت تبلیسی سے اسلام آباد کی ایک پرواز بھارتی ایئرلائن "انڈیگو" کے لوگو والے طیارے سے آپریٹ کئے جانے کا دلچسپ انکشاف سامنے آیا ہے۔ بھارتی طیاروں پر پاکستان کی فضائی حدود میں داخلے پر سوا سال سے پابندی ہے۔ 23جون کو بھارتی فضائی کمپنی انڈیگو کی برانڈنگ اور رنگ روغن کے بوئنگ 787 ڈریم لائنر 9 طیارے نے دن 11:47 بجے اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی پھر واپس گیا۔ یہ ہنگامی یا ہاف مارکنگ لینڈنگ بھی نہیں تھی بلکہ ایوی ایشن کے بین الاقوامی قوانین کے تحت باقاعدہ پیشگی منصوبہ بندی کی چارٹرڈ پرواز تھی۔ ریکارڈ کے مطابق طیارہ امریکی رجسٹریشن (N05531) کا حامل تھا۔ انڈیگو کی برانڈنگ کے باوجود تکنیکی اور قانونی طور پر طیارے کا تعلق بھارت سے نہیں۔ طیارہ امریکی لیزنگ کمپنی کی ملکیت اور ترک چارٹر کمپنی بی جے ایم ٹیل ونڈ کے آپریٹنگ سرٹیفکیٹ پر چل ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ آپریشن ایوی ایشن کی زبان میں "ویٹ لیز" کہلاتا ہے، جس کے تحت طیارہ، پائلٹ اور تمام عملہ غیرملکی (امریکی یا یورپی) ہوتا ہے جبکہ صرف برانڈنگ کرائے پر لینے والی کمپنی کی استعمال کی جاتی ہے چونکہ طیارے کی آفیشل رجسٹریشن امریکی اور عملہ بھی غیرملکی تھا اس لیے اس پرواز پر وہ فضائی پابندیاں لاگو نہیں ہوئیں ۔ پرواز کو پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کی پیشگی اجازت اور سفارتی کارپوریٹ کلیئرنس حاصل تھی۔