• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر لورالائی اور کوئٹہ میں 10 مراکز کو جرمانہ

کوئٹہ+لورالائی(خ ن)رمضان المبارک میں عوام تک صاف ستھری و معیاری اشیاء خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے اور کھانے پینے کے مراکز میں صفائی کے انتظامات کی چیکنگ کیلئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں بی ایف اے فوڈ سیفٹی ٹیموں نے قوانین کی خلاف ورزی پر لورالائی اور کوئٹہ میں 10 سے زائد خوراک کے مراکز پر جرمانے عائد کردئیے ۔ تفصیلات کے مطابق بی ایف اے ڈویژنل فوڈ سیفٹی ٹیم نے لورالائی شہر میں ناقص خوراک کی فراہمی پر 7 مراکز کو جرمانہ جبکہ 10 سے زائد کو وارننگ نوٹسز جاری کئے ،جرمانہ کئے گئے مراکز میں 3 ملک شاپس مالکان کے خلاف دودھ میں پانی و خشک پاؤڈر کی ملاوٹ پر کارروائی کی گئی ، دودھ کے موقع پر مختلف ٹیسٹ کرنے پر 3 نمونے ملاوٹی ثابت ہوئے ، دوران انسپکشن 2 جنرل اسٹورز سے زائد المیعاد کولڈرنکس اور چائنیز نمک برآمد ہوا جبکہ ایک پکوڑا شاپ کو اشیاء تلنے کیلئے خراب و استعمال شدہ کوکنگ آئل کے دوبارہ استعمال پر اور ایک بیکری کو مجموعی طور پر ایس او پیز کی خلاف ورزی و پروڈکشن میں نان فوڈ گریڈ کلرز کی آمیزش پر جرمانہ کیا گیا۔علاوہ ازیں نواں کلی کوئٹہ میں بیکنگ یونٹس اور میٹ شاپس کی تفصیلی انسپکشن کرتے ہوئےبارہا تنبیہ و ہدایات کے باوجود ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 3 گوشت کی دکانوں جبکہ صفائی و اشیاء کی نامناسب حالات میں اسٹوریج پر ایک بیکنگ یونٹ کے خلاف کارروائی کی گئی۔میٹ شاپس میں صفائی کی صورتحال ابتر ، کٹنگ اوزار آلودہ و جراثیم زدہ جبکہ گوشت دکانوں کے باہر لٹکایا گیا تھا ، بیکنگ یونٹ میں حتمی اشیاء پر مینوفیکچرنگ و ایکسپائری تواریخ موجود نہیں تھیں ، بیکنگ مشینیں آلودہ و زنگ زدہ ، ورکرز کی ذاتی صفائی برائے نام جبکہ تیار اشیاء ذخیرہ کرنے کا نظام انتہائی غیر صحت بخش پایا گیا ۔ جرمانہ کئے گئے مراکز کےمالکان کو ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے اور عوام کو صحت بخش خوراک فراہم کرنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی۔
کوئٹہ سے مزید