• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محمد علیم نظامی

”امی جان“امی جان”میں روزہ نہیں رکھوں گا“۔امی جان کی روزہ رکھنے کی تاکید پرببلو چلایا۔لیکن بیٹا:آج سے رمضان المبارک کا آغاز ہوا چاہتا ہے اور پہلا روزہ ہر بچے کو رکھنا چاہیے بلکہ کوشش کرنی چاہیے کہ تمام روزے رکھ کر بچے اپنے اللہ کو خوش اور راضی کریں۔

”امی جان نے ببلو کو نصیحت کرتے ہوئے کہا“۔امی جان!آج کل سخت گرمی کا موسم ہے۔ بچے تو کیا بڑے لوگ بھی روزہ رکھنے سے ہچکچاتے ہیں اور میں تو صرف ابھی 10 سال کا ہوا ہوں۔“”بیٹا 10 سال کی عمر میں ہر بچے کو فرض روزہ رکھنا چاہیے کیونکہ یہ اللہ تعالیٰ کا حکم ہے۔

”مگر امی جان! مجھ میں اتنی ہمت نہیں ہے کہ میں رمضان المبارک کے پورے روزے رکھوں۔“امی جان نے ببلو کی اس بات پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ”دیکھو بیٹا!جو بچے یا جو لوگ روزے رکھنے کی نیت کر لیتے ہیں اللہ تعالیٰ خود ہی انہیں اتنی قوت عطا کر دیتے ہیں کہ جب وہ روزے کا اہتمام کرتے ہیں تو خود بخود ہی ان میں اتنی سکت پیدا ہو جاتی ہے کہ سحری کے وقت سے لے کر افطاری تک انہیں روزہ کچھ نہیں کہتا بلکہ جب بچے اور بڑے روزہ کھولتے ہیں تو انہیں ایک قسم کی روحانی خوشی حاصل ہوتی ہے۔“

ببلو نے کسی حد تک اپنی امی جان کی بات سے اتفاق کیا مگر ساتھ یہ بھی کہا کہ”دیکھیے امی جان! روزہ رکھنے کے لئے تو بھی ساری عمر پڑی ہے۔مجھے اسکول بھی جانا ہوتا ہے۔ پانچ چھ گھنٹے بعد واپس آتا ہوں۔

پھر سخت دھوپ اور حبس میں گھر واپس آکر کس طرح میں روزہ برداشت کروں گا۔ ”اگر آپ نے مجھے روزے رکھانے ہی ہیں تو پھر ایک ماہ کے لئے اسکول سے مجھے چھٹی کروادیں۔ میں روزے کی حالت میں گھر میں بیٹھ کر یا لیٹ کر سارا دن گزار لوں گا اور یوں آپ کو بھی مجھ سے کوئی شکایت نہیں“۔

امی جان ببلو کی یہ بات سن کر قدرے غصے میں آگئیں اور انہوں نے ببلو کی بات کاٹتے ہوئے اسے کہا کہ”تم اکیلے ہی نہیں بلکہ دنیا بھر کے تمام مسلمان بچے اپنےا سکولوں میں تمہاری جیسی عمر کے مطابق جاتے ہیں انہوں نے روزہ بھی رکھا ہوا ہوتا ہے اور تمام زندگی کے کام بھی کرتے ہیں۔ اسکول کے کام کے علاوہ سحری سے لے کر افطاری تک اللہ تعالیٰ کی عبادت کرتے ہیں۔پانچ وقت کی نماز ادا کرتے ہیں۔تلاوت قرآن پاک کرتے ہیں۔ ساتھ گھریلو کام کاج میں بھی حصہ لیتے ہیں اس کے باوجود وہ خوش و خرم اور تازہ دم رہتے ہیں۔پھر تمہیں کیا قباحت ہے کہ تم ایک روزہ بھی نہیں رکھنے کو کہہ رہے،30 روزے تو دور کی بات ہے۔

امی جان کی یہ سبق آموز باتیں سن کر ببلو کچھ شرمندہ ہو گیا اور اس نے ان کی بانہوں میں اپنی بانہیں ڈالتے ہوئے قدرے خوشی سے کہا کہ دیکھیے امی جان!آپ کی روزہ کے متعلق باتوں سے بہت متاثر ہوا ہوں۔میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ آج پہلا روزہ رکھوں گا اور انشاء اللہ سارے روزے پورے کرکے اپنے اللہ،امی ابو اور بہن بھائیوں کو بھی خوش کروں گا۔ببلو نے روزہ رکھنے کی ہاں کہہ کر سب گھر والوں کو لاجواب کر دیا۔