پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما نبیل گبول کی جانب سے حساس موضوع پر دیے گئے نامناسب بیان پر معروف شخصیات سیخ پا نظر آ رہی ہیں۔
نبیل گبول نے ایک پوڈ کاسٹ کے دوران عصمت دری جیسے حساس موضوع پر انتہائی غیر ذمہ درانہ انداز میں بات کی ہے جس پر ٹوئٹرصارفین سمیت معروف شخصیات کی جانب سے غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
نبیل گبول کے بیان پر سابق صدر آصف علی زرداری کی بیٹی اور وفاقی وزیر برائے خارجہ امور بلاول بھٹو زرداری کی بہن بختاور بھٹو نے بھی پی پی پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے ٹوئٹ کیا ہے۔
بختاور بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ نبیل گبول کا (قابل نفرت) بیان صرف ان سے تعلق رکھتا ہے، یہ بیان ہماری پارٹی کی نمائندگی نہیں کرتا، ہم بالکل واضح طور پر خواتین کے حقوق اور تحفظ کے لیے کھڑے ہیں، بدگمانی کی ہمارے مذہب اور جماعت میں کوئی جگہ نہیں ہے۔
دوسری جانب اداکارہ رابعہ بٹ نے بھی نبیل گبول کے بیان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے نبیل گبول کے احتساب سے متعلق سوال اٹھایا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی نبیل گبول اپنے ایک نامناسب بیان کے سبب سوشل میڈیا پر کافی تنقید کا سامنا کر چکے ہیں۔
نبیل گبول کو اس بیان پر پی پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو کی جانب سے شوکاز نوٹس بھی جاری کیا گیا ہے۔
ترجمان پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ نبیل گبول کو 3 دن کے اندر وضاحت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وضاحت نہ کرنے کی صورت میں نبیل گبول کے خلاف تنظیمی نظم و ضبط کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پی پی ترجمان کا کہنا ہے کہ نا مناسب گفتگو اور غیر پارلیمانی الفاظ کا استعمال پیپلز پارٹی کی پالیسی نہیں ہے۔