• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں مہنگائی ابھی بڑھ کر اگلے سال کم ہوجائے گی، IMF، آؤٹ لک رپورٹ

اسلام آباد (مہتاب حیدر) آئی ایم ایف نے رواں مالی سال کے دوران پاکستانی معیشت سے متعلق اندازوں پر نظرثانی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں شرح ترقی دو فیصد سے کم ہوکر 0.5 فیصد رہنے کی توقع ہے۔

آئی ایم ایف رپورٹ کے مطابق آئندہ مالی سال شرح نمو 3.5 فیصد رہنے کا امکان ہے، اسی طرح رواں مالی سال کے دوران مہنگائی کی شرح مزید بڑھنے جبکہ آئندہ مالی سال کے دوران کم رہنے کا امکان ہے۔ 

آئی ایم ایف کی ورلڈ اکنامک آوٹ لک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں مہنگائی ہدف سے زیادہ، گروتھ کم رہے گی۔ آئی ایم ایف نے اپنی رپورٹ میں رواں مالی سال مہنگائی کی شرح 27.1 فیصد اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جی ڈی پی کے 2.3 فیصد تک ہوگا۔ 

رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال پاکستان میں بیروزگاری کی شرح چھ اعشاریہ 2 فیصد تھی، رواں مالی سال پاکستان میں بیروزگاری کی شرح 7 فیصد تک پہنچ جائے گی جبکہ آئندہ مالی سال ملکی معاشی صورتحال میں بہتری کی پیش گوئی کی گئی۔

آئی ایم ایف رپورٹ کے مطابق آئندہ مالی سال مہنگائی کم ہو کر 21.9 فیصد ہوگی، آئندہ مالی سال کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جی ڈی پی کا دو اعشاریہ 4 فیصد تک رہنے کی توقع ہے۔ 

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئندہ مالی سال بیروزگاری کی شرح 7 فیصد سے کم ہو کر 6.8 فیصد رہنے کا امکان ہے۔ پاکستانی حکومت نے رواں مالی سال کے دوران بجٹ کے موقع پر اقتصادی شرح 5 فیصد تک رکھنے کا منصوبہ بنایا تھا تاہم سیلاب سے ہونے والی تباہی کے بعد جی ڈی پی کے 2 فیصد تک رہنے کا اندازہ لگایا گیا تھا۔ 

ورلڈ بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک نے بھی پاکستان میں شرح ترقی 0.6 فیصد 0.4 فیصد تک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ اوسط مہنگائی کے حوالے سے ورلڈ ایکنامک آوٹ لک سے ظاہر ہوتا ہے کہ رواں برس پاکستان میں مہنگائی 27.1 فیصد تک برقرار رہے گی جو کہ حکومتی انداوں سے کئی زیادہ ہے۔ 

آئندہ مالی سال کے دوران افراط زر 21.9 فیصد تک رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ جاری کھاتے کے خسارے کے حوالے سے آئی ایم ایف نے کہا کہ یہ رواں مالی سال کے دوران منفی اور جی ڈی پی کے 2 اعشاریہ تین فیصد تک رہے گا جبکہ گزشتہ مالی سال کے دوران یہ 4 اعشاریہ 6 فیصد رہا تھا۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ کرنٹ اکاونٹ ڈیفسٹ میں بڑی کمی آئی ہے تاہم اس کے باوجود آئی ایم ایف نے رواں اور آئندہ مالی سال کے دوران خسارے کے بڑھنے کا اندازہ لگایا ہے۔

اہم خبریں سے مزید