• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

شہر میں اسپورٹس سٹی تکمیل کے قریب، اسلام آباد نے کرکٹ ایونٹ جیت لیا

نیا ناظم آباد بینکرز کپ رمضان کرکٹ ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اے زیڈ ریئل اسٹیٹ اسلام آباد نے اٹک اسپورٹس کراچی کو پانچ وکٹوں سے ہراکر جیتا۔ ایونٹ 13روز جاری رہا، نیا ناظم آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں برقی قمقموں کی روشنی میں کھیلے گئے فائنل میں اٹک اسپورٹس نے سات وکٹوں پر178 رنز بنائے۔ جہانزیب سلطان نے 64 رنز کی جارحانہ اننگ کھیلی۔ شاہد میرانی نے 31 اور شاہد میرانی نے 23 رنز بنائے۔ 

ذیشان ملک نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں اے زیڈ ریئل اسٹیٹ اسلام آباد نے ہدف پانچ وکٹوں پر حاصل کرلیا۔ اوپنر اویس ضیا نے 84 رنز بناکر ٹیم کی جیت میں اہم کرداد ادا کیا۔ مہمان خصوصی ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل اظہر وقاص ، چیئرمین نیا ناظم آباد عارف حبیب ، صدر بینک الفلاح اسلم باجوہ، صدر سندھ بینک عمران صمد ، معروف اداکار فہد مصطفی، سی ای او صمد حبیب ، صدر نیا ناظم آباد جمخانہ سیدمحمد طلحہ سمیت شائقین کی بڑی تعداد نے فائنل دیکھا ۔ فاتح ٹیم کو ٹرافی اور بارہ لاکھ روپے کی انعامی رقم دی گئی۔ جبکہ رنز اپ ٹیم چھ لاکھ روپے اور ٹرافی کی حقدار بنی۔ 

اویس ضیا فائنل اور ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ کینٹ واریئررز کے سہیل خان بہترین وکٹ کیپر، اے زیڈ ریئل اسٹیٹ کے اویس ضیاء بہترین بیٹسمین، عبداللہ امین بہترین بولر اور عمر ایسوسی ایٹس کے خواجہ نافع بہترین فیلڈر کا ایوارڈ جیتنے میں کامیاب ہوئے۔ 

چیئرمین نیا ناظم آباد عارف حبیب کا کہنا تھا کہ وہ نیا ناظم آباد کو اسپورٹس سٹی کے طور پر مکمل کر رہے ہیں۔ جہاں کرکٹ اسٹیڈیم ، فٹبال اسٹیڈیم، باسکٹ بال کورٹ اور فٹسال گراؤنڈ پر ایونٹس کا آغاز ہوچکا ہے۔ جمخانہ سوئمنگ پول، ٹینس کورٹ ، اسکواش کورٹ، بیڈمنٹن ارینا ، ٹیبل ٹینس ہال، اسنوکر ہال جم سمیت دیگر سہولیات تکمیل کے قریب ہیں۔

اسپورٹس سے مزید
کھیل سے مزید