پاکستان ویٹرنز ہاکی کلب (گرین) نے دوسرا مہتاب چاؤلہ فلڈ لائٹس رمضان ویٹرنز ہاکی ٹورنامنٹ جیت لیا، فائنل میں کراچی فٹنس کلب کو ایک کے مقابلے میں چھے گول سے شکست دیکر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا، سمیر حسین فائنل کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، محمد علی خان اور معصوم علی نے عمدہ کھیل پیش کیا، گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے انعامات تقسیم کئے۔
فائنل یکطرفہ رہا سابق اولمپئینز اور انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے سامنے کراچی فٹنس کلب کی فٹنس جواب دے گئی، میچ کے پہلے دو کوارٹر میں مقابلہ 1-1 گول سے برابر رہا لیکن اگلے دو کوارٹرز میں تجربہ کار ٹیم نے مزید پانچ گول اسکور کرکے فتح اپنے نام کرلی۔
ان کی جانب سے قمر ابراھیم، سمیر حسین، کاشف جواد، سابق انٹرنیشنل کھلاڑی محمد علی خان، محمد عرفان اور سید آل حسن نے ایک، ایک گول اسکور کیا جبکہ کراچی فٹنس کلب کا واحد گول رائٹ ان عمران خان نے اسکور بنایا. اولمپیئن سمیر حسین فائنل کے بہترین کھلاڑی قرار پائے.فائنل میچ کے مہمان خصوصی گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری تھے۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ کراچی میں ہاکی کا کھیل اولمپیئن اصلاح الدین کی وجہ سے زندہ ہے ان کی اکیڈمی میں پورے سال قومی کھیل کی سرگرمیاں جاری رہتی ہیں، اصلاح الدین نے اپنی پوری زندگی ہاکی کیلئے وقف کردی ہے میں ان کا بڑا مداح ہوں قومی کھیل کے فروغ کیلئے میرا تعاون ہمیشہ ان کے ساتھ رہے گا۔
گورنر سندھ نے فاتح ٹیم کے ساتھ ٹورنامنٹ میں شریک تمام آٹھ ٹیموں کو مبارکباد پیش کی اس موقع پر اصلاح الدین نے کہا کہ ان کی کپتانی میں پاکستان نے دو مرتبہ عالمی کپ جیتا اور اب تیسری مرتبہ بھی جیتنے کیلئے پُر عزم ہیں، انہوں نے کہا کہ وہ مہتاب چائولہ مرحوم کے مشن کو جاری رکھیں گے اور مہتاب چاؤلہ ہاکی ٹورنامنٹ ہر سال رمضان میں باقاعدگی سے منعقد ہوگا۔
گورنر سندھ نے اولمپیئن سمیر حسین کو بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ اور دس ہزار روپے انعام دیا، قمر ابرھیم نے مہمان خصوصی سے فاتح ٹرافی وصول کی، اس موقع پر پاکستان ہاکی ٹیم کے کوچ ایاز محمود، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل حیدر حسین، مصطفی جمیل، سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے نائب صدر محفوظ الحق، کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر غلام محمد، راؤ جاوید اقبال، اعجاز الدین اور دیگر بھی موجود تھے۔