انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی اور اقوام متحدہ کے تحت ہر سال اپریل میں پیس تھرواسپورٹس ڈے بین الاقوامی، علاقائی، قومی کھیل اور ترقیاتی تنظیموں کی جانب سے عالمی سطح پر منایا جاتا ہے جس کا مقصد کھیل کے میدان سے امن کے پیغام کوپوری دنیا میں عام کرنا اور معاشرے میں کھیلوں کے کردار ، احترام سے آگاہی فراہم کرنا ہے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے تحت رواں ماہ اس دن کی مناسبت سے پورے پاکستان میں مختلف تقاریب کا اہتمام کیا گیا جس میں اولمپئینز، انٹرنیشنل پلیئرز، مختلف فیڈریشنز اور صوبائی ایسوسی ایشنز کے کھلاڑیوں، کوچز اور آفیشلز نے بھرپور شرکت کی۔
اس ضمن میں کراچی میں بھی مختلف تقاریب منعقد کی گئیں جن میں اسکواش لیجنڈ اور سابق عالمی چیمپئن جہانگیرخان، پاکستان ہاکی کے سابق کپتان اولمپئین اصلاح الدین صدیقی، اخوت فاؤنڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر امجد ثاقب، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی انفرادی ممبر اور اسپیشل اولمپک پاکستان کی چیئرپرسن رونق لاکھانی،اخوت فاؤنڈیشن اور ونڈر ویمن ایسوسی ایشن پاکستان کی ایمبیسڈرصائمہ ہاشم، پی او اے کے انفرادی ممبر سید وسیم ہاشمی، پی او اے انوائرمنٹ کمیشن کی ممبر تہمینہ آصف سمیت کھلاڑیوں اور آفیشلز کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر جہانگیرخان کاکہنا تھا کہ کھیل قیام امن اور مفاہمت کا ایک اہم ذریعہ ہے کھیلوں کے ذریعے مختلف ثقافتوں، مذاہب، قومیتوں اور زبانیں بولنے والوں کو ایک پلیٹ فارم پرلایا جاسکتا ہے، ہمیں صحت مند طرز زندگی کی حوصلہ افزائی اور کھیل کو وسیع پیمانے پر قابل رسائی بنانے کیلئے اپنا کردارادا کرنا ہوگا۔
سابق ہاکی کپتان اصلاح الدین صدیقی نے کہا کہ کھیل لوگوں کو اکٹھا کرنے اور امن کی تشکیل کا ایک طاقتور ذریعہ ہے یہ دوستی کوفروغ اور سرحدوں کے پار احترام کی لکیریں کھینچتا ہے، پاکستان میں منعقدہ انٹرنیشنل ایونٹس میں غیرملکی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں جواس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان کھیلوں کیلئے محفوظ ملک ہے اخوت فاؤنڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا ہے کہ کھیل ہمیں تحمل، برداشت، ڈسپلن اور بردباری سکھاتا ہے کہ جب جیتنا ہو تو اس کا اظہار کیسے کرنا ہے اور جب ہاریں تو کس وقار کے ساتھ شکست کو قبول کرنا ہے۔
یہ ساری چیزیں ملکر ایک خوبصورت معاشرے کوجنم دیتی ہیں کھیل کے ذریعے امن کا پرچم بلند ہوگا پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹنٹ جنرل (ر) سید عارف حسن نے کہا کہ کھیل سے امن کے قیام میں مدد ملتی ہے، کھیل رنگ و نسل سے آزاد ہوتے ہیں سیکریٹری محمد خالد محمود چیئرپرسن اسپیشل اولمپک پاکستان رونق لاکھانی کاکہنا تھا کہ پاکستانی کھیلوں سے پیارکرنے والی قوم ہے آج دنیا بھرکے کروڑوں بچے امن کی تلاش میں ہیں ہم کھیل کے میدانوں سے جڑکردنیا کوامن کاپیغام دے سکتے ہیں اور امن کی تحریک کاحصہ بن کر محبت، ایثار اور بھائی چارے کو پروان چڑھایا جاسکتا ہے اس موقع پرنے مہمانوں، کھلاڑیوں اور اسپیشل بچوں کی ایک بڑی تعداد نے سفید کارڈ لہرا کر کھیلوں کے ذریعے امن کے پیغام کا اعادہ کیا۔