• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوکرینی وزیراعظم نے روس کے ساتھ جنگ میں حمایت پر شاہ کا شکریہ ادا کیا

لندن (پی اے) جمعہ کو تاجپوشی کے حوالے سے ایک استقبالیہ میں شرکت کے دوران یوکرینی وزیراعظم نے روس کے ساتھ جنگ میں بے لوث حمایت پر شاہ کا شکریہ ادا کیا۔ شاہ چارلس نے یوکرین کی خاتون اول اولینا زیلنسکا اور وزیراعظم ڈینیز شمیال سے ملاقات کے دوران یوکرین کی مدد کرتے رہنے کا یقین دلایا۔  یوکرین کے وزیر اعظم ڈینیز شمیال نے ایک ٹیوٹر پیغام میں تاجپوشی کی تقریب سے قبل شاہ سے ملاقات کو خصوصی اعزاز قرار دیا۔ انھوں نے لکھا کہ شاہ نے جنگ میں فتح کے حصول تک امداد جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے شاہ چارلس نے تاجپوشی کے موقع پر پوری دنیا سے آئے ہوئے سربراہان مملکت کے اعزاز میں بکنگھم پیلس میں استقبالیہ دیا تھا۔ پرنس اور پرنسس آف ویلز اور ڈیوک اور ڈچز آف ایڈنبرا پرئسس رائل اور وائس ایڈمرل سر ٹم لارنس نے بھی اس تقریب میں غیر ملکی مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ اس تقریب میں برطانیہ کے وزیراعظم رشی سوناک، پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف، آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانیز اور نیوزی لینڈ کے وزیراعظم کرس پپکنز سمیت 42 افراد نے شرکت کی۔ مارچ میں برلن کے دورے کے دوران شاہ چارلس نے جنگ کی وجہ سے ملک چھوڑ کر برلن پہنچنے والے لوگوں سے ملاقات کی تھی اور کہا تھا کہ ہم آپ کیلئے دعاگو ہیں اور روس کے صدر کے حملے کی وجہ سے آپ کو جو تکالیف اٹھانا پڑ رہی ہیں، اس کی مذمت کرتے ہیں۔ انھوں نے یوکرین کو وافر فوجی امداد بھیجنے پر جرمنی کی جرات کی تعریف کی تھی۔ جرمنی کی پارلیمنٹ Bundestag کے بھرے ہوئے ایوان سے خطاب کرتے ہوئے اس وقت شاہ چارلس نے کہا تھا کہ یوکرین پر روس کے بلااشتعال حملے کی وجہ سے بہت سے معصوم لوگوں کو ناقابل برداشت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، بے شمار جانیں ضائع ہوچکی ہیں اور انتہائی سفاکانہ طریقے سے آزادی اور انسانی وقار کا خاتمہ کردیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا تھا کہ اس حملے کی وجہ سے پورے یورپ کی سیکورٹی اور جمہوری اقدار کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔
یورپ سے سے مزید