• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کس اداکار کی بڑھتی ہوئی شہرت دیکھ کر شاہ رخ خان کو پریشانی ہوئی؟

شاہ رخ خان، فائل فوٹو
 شاہ رخ خان، فائل فوٹو 

بالی ووڈ کےکنگ شاہ رخ خان کی زندگی میں ایک ایسا وقت بھی آیا تھا جب اُنہوں نے ایک نئے اداکار کی بڑھتی ہوئی شہرت کی وجہ سے گھر سے نکلنا چھوڑ دیا تھا۔ 

سال 2000ء میں جب فلم ’کہو نا پیار ہے‘ریلیز ہوئی تو پوری فلم انڈسٹری میں رہتیک روشن کا نام گونجنے لگا، اس ایک فلم نے اداکار کو راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا تھا۔ 

یوں رہتیک روشن کو راتوں رات شہرت کی بلندیوں کو چھوتے ہوئے دیکھ کر  شاہ رخ خان کو کافی پریشانی ہوئی۔

اس حوالے سے بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق، رہتیک روشن کی فلم کی کامیابی سے شاہ رخ خان کی فلم ’پھر بھی دل ہے ہندوستانی‘ اور عامر خان کی فلم ’میلہ‘ کافی پیچھے رہ گئی تھیں۔

اس وقت بالی ووڈ انڈسٹری میں جہاں ہر طرف رہتیک روشن کا نام لیا جا رہا تھا وہیں بھارتی میڈیا میں یہ خبریں آنے لگیں کہ اب شاہ رخ خان کی چھٹی ہو گئی اور ان کی جگہ رہتیک روشن نے لے لی ہے۔

یہاں تک کہ بھارتی فلم انڈسٹری میں دونوں اداکاروں کے درمیان کشیدگی کی باتیں بھی ہونا شروع ہو گئی تھیں۔

شاہ رخ خان اور بھارتی سنیما سے متعلق ایک کتاب کی مصنفہ انوپما چوپڑا نے اپنی کتاب میں اس کشیدگی کا ذکر کرتے ہوئے شاہ رخ کا موقف بھی شامل کیا۔

انوپما چوپڑا نے اپنی کتاب میں شاہ رخ کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ’یہ بہت غلط ہے، کوئی آپ سے 10 سال کا کام نہیں چھین سکتا، یوں میں ایک صبح اُٹھ کر آپ اچانک مجھے یہ نہیں کہہ سکتے کہ آپ کا دور ختم ہو گیا، آپ کی عمر زیادہ ہو گئی ہے یا اب آپ زیادہ اچھے اداکار نہیں ہیں‘۔

اُنہوں نے مزید لکھا کہ’میں اس وقت گھر سے باہر نہیں جا سکتا تھا کہ کوئی مجھ سے پوچھ نہ لے کہ میرا رہتیک روشن کے بارے میں کیا خیال ہے، یہ بڑی شرم والی بات تھی‘۔

اسی دوران دونوں اداکاروں نے سپر ہٹ فلم ’ کبھی خوشی کبھی غم‘ میں ایک ساتھ کام کیا۔

لیکن بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، شاہ رخ خان فلم کی شوٹنگ کے دوران بھی رہتیک روشن سے ناخوش اور فاصلے پر ہی نظر آتے تھے۔ 

اس حوالے سے فلم ’کبھی خوشی کبھی غم‘ کے ہدایتکار کرن جوہر نے اپنی کتاب میں لکھا ہے کہ میڈیا کی منفی خبروں کی وجہ سے فلم  ’کبھی خوشی کبھی غم‘ کے سیٹ پر شاہ رخ خان رہتیک روشن سے دور رہے۔

انہوں نے لکھا کہ یہ شاہ رخ خان کے ساتھ ناانصافی تھی کیونکہ رہتیک روشن بہت جونیئر تھے جبکہ شاہ رخ خان پہلے ہی بہت بڑے اسٹار تھے۔

اُنہوں نے مزید لکھا کہ صرف شاہ رخ خان کی ایک یا دو فلمیں ناکام ہونے پر  میڈیا کے رہتیک روشن کو زیادہ ترجیح دینے پر جو منفی ماحول پیدا ہوا وہ جائز یا درست نہیں تھا۔


انٹرٹینمنٹ سے مزید