تہران (اے ایف پی) ایران نے عراق کے خودمختار کرد خطے میں ایک سرکاری تقریب کے دوران ایرانی اپوزیشن گروہوں کی موجودگی پر احتجاج کرتے ہوئے تہران میں ایرانی سفیر کو طلب کرلیا ہے۔ ایران کی اسنا نیوز ایجنسی نے ایرانی وزارت خارجہ کے حوالے سے بتایا کہ تہران نے علیحدگی پسند گروہوں کے ارکان کو تقریب میں بلانے کی شدید مخالفت کی ہے اور اسے عراق اور ایران کے درمیان حالیہ سکیورٹی معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ ایران اپنی حکومت کیخلاف سرگرم مختلف کرد دھڑوں کو علیحدگی پسند اور دہشتگرد گروپ قرار دیتا ہے۔