پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ایشیا کپ کی میزبانی کا حق کھویا تو بھارت میں ورلڈ کپ کا بائیکاٹ کر سکتے ہیں۔
خبر ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ بھارت تمام میچز نیوٹرل وینیو پر چاہتا ہے، بھارت ایسی صورت حال نہ بنائے جس کا نتیجہ ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کے بائیکاٹ پر نکلے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت ایسی صورت حال نہ بنائے کہ پھر اسے چیمپئنز ٹرافی کا بائیکاٹ کرنا پڑے، ایشیا کپ ٹورنامنٹ کی پاکستان سے باہر منتقلی قابل قبول نہیں ہو گی۔
نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ ایسی صورت حال میں پاکستان ورلڈ کپ کا بائیکاٹ کرسکتا ہے، ہمیں بھی پاکستانی ٹیم کے لیے بھارت میں سیکیورٹی خدشات ہیں۔
پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ ہم نے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کو واپس لانے کے لیے بہت محنت کی، گزشتہ برسوں میں ہر بڑے ملک کی ٹیم پاکستان آئی اور سیکیورٹی کی تعریف کی۔
ان کا کہنا ہے کہ بھارتی برج ٹیم، کبڈی ٹیم، بیس بال ٹیم پاکستان آ سکتی ہیں تو کرکٹ ٹیم کیوں نہیں آ سکتی۔