اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں/محمد صالح طافر ) پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے، اس حوالے سے تقریب بدھ کو وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوئی جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی نائب وزیر داخلہ نے بھی شرکت کی۔ پاکستان کی جانب سے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے جبکہ سعودی عرب کی جانب سے سعودی نائب وزیر دفاع ڈاکٹرناصربن عبدالعزیز نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے "روڈ ٹو مکہ " پراجیکٹ میں پاکستان کو شامل کرنے ،سوڈان میں پھنسے پاکستانیوں کو نکالنے میں تعاون اور گزشتہ سال شدید سیلاب کے دوران امداد پر سعودی عرب سے اظہار تشکر کیا ہے اور کہا ہے کہ سعودی عرب اور ایران کے تعلقات معمول پر آنے سے علاقائی امن وسلامتی کے فروغ میں مدد ملے گی ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ معاہدے پر دستخط ہوگئے، یہ معاہدہ عازمین حج کی امیگریشن کے عمل کو آسان اور ہموار کرنے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور سینیٹر طلحہ محمود ، وفاقی وزیر انسداد منشیات شاہ زین بگٹی اور وزیر مملکت داخلہ عبدالرحمان کانجو اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے "روڈ ٹو مکہ " پراجیکٹ میں پاکستان کو شامل کرنے ،سوڈان میں پھنسے پاکستانیوں کو نکالنے میں تعاون اور گزشتہ سال شدید سیلاب کے دوران امداد پر سعودی عرب سے اظہار تشکر کیا ہے اور کہا ہے کہ سعودی عرب اور ایران کے تعلقات معمول پر آنے سے علاقائی امن وسلامتی کے فروغ میں مدد ملے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی عرب کے نائب وزیر داخلہ ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیز الداؤد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔