گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی5 باصلاحیت پاکستانی افراد نے مشہور امریکی بزنس میگزین فوربز کی ’30 انڈر 30 ایشیا‘ کی فہرست میں جگہ بنالی ہے جوکہ پوری قوم کے لیے فخر کی بات ہے۔
فوربز میگزین کے مطابق، 2023ء کی فہرست میں 30 سال سے کم عمر باصلاحیت افراد کے نام شامل کرکے ایشیا پیسیفک ریجن میں موجود 20 ممالک اور علاقوں کی نمائندگی کی گئی ہے۔
اس فہرست میں فنکاروں، کھلاڑیوں، سائنسدانوں، کاروباری افراد، کھیلوں اور موسیقاروں، گلوکاروں اور بہت سے ایسے لوگوں کو نمایاں کیا گیا ہے جن کی صلاحیتوں کو اپنے اپنے شعبوں میں مقامی اور بین الاقوامی سطح پر پہچانا جاتا ہے۔
اس فہرست میں شامل پاکستانیوں میں ملٹی میڈیا ویژول ٹیک آرٹسٹ عائشہ مبارک علی، اسکرین رائٹر اعظم محمود، ’کال پے‘ نامی اسٹارٹ اپ کے شریک بانی حسن اور اسلام اور’بائیو نکس‘کے بانی انس نیاز شامل ہیں۔
عائشہ مبارک علی پہلی پاکستانی فنکارا ہیں جنہوں نے نیشنل ایروناٹکس اینڈ اسپیس ایڈمنسٹریشن (NASA) کے سائنسدانوں کے ساتھ تعاون کیا۔
جس کے بعدجولائی 2022ء میں ان کا آرٹ ورک بھی میلتھ II کے لیے اسپیس ایکس کے ذریعے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کو بھیجا گیا۔
ان کی فیوژن آرٹ پریکٹس کو فوربز مڈل ایسٹ، ای 27، ہیلو اور گرازیا جیسے نامور میگزینز میں بھی نمایاں کیا گیا ہے۔
اعظم محمود نے بڑے نیٹ ورکس پر کہانی سنانے والے کی حیثیت سے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اس فہرست میں جگہ بنائی ہے۔
فی الحال یہ ایک ڈرامہ سیریز کے اسٹوری ایڈیٹر ہیں اور گولڈن گلوب ایوارڈ یافتہ اداکار ریمی یوسف کے ساتھ اپنے بنائے ہوئے شو’ریمی‘ کے لیے بھی کام کر رہے ہیں۔
حسن اور اسلام نے پاکستان میں ایک اسٹارٹ اپ’کال پے(KalPay)‘ کی بنیاد رکھی ہے جس کے تحت شریعت کے قوانین کے عین مطابق اقساط پر خریداری ممکن ہوگی۔ اس کا مقصد ملک کی بڑی مسلم آبادی تک پہنچنا ہے۔
کال پے(KalPay)‘ کو 2021ء میں لانچ کیا گیا تھا اور اب اس نے اپنی رسائی کو بڑھانے اور مالی رسائی فراہم کرنے کے لیے’فوڈ پانڈا‘ کے ساتھ بھی شراکتداری کرلی ہے۔
’بائیو نکس‘ ایک سماجی ادارہ ہے جسے انس نیازی نے 2016ء میں قائم کیا اور یہ کم لاگت والے بایونک ہتھیار تیار کرتا ہے۔
یہاں 3D پرنٹ شدہ ایسا مصنوعی سامان تیار کیا جاتا ہے جس میں سینسرز اور سافٹ ویئرز بھی موجود ہیں جوکہ صارف کو روبوٹک انگلیوں کا استعمال کرتے ہوئے اشیاء کو پکڑنے میں مدد دیتے ہیں۔
انس نیازی نے کراچی کے شہید ذوالفقار علی بھٹو انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے میکیٹرونکس، روبوٹکس اور آٹومیشن میں بیچلرز کی ڈگری حاصل کی ہے۔