بولٹن (ابرار حسین) برطانیہ کے دورے پر آئے ہوئے آستانہ عالیہ بگھار شریف کے سجادہ نشین ڈاکٹر پیر ساجد الرحمٰن نے کہا ہے کہ اسلام کو سمجھنے اور تکمیل زندگی کیلئے حضرت مجدد الف ثانیؒ کی زندگی امت مسلمہ کیلئے مشعل راہ ہے، ان کی زندگی کاہر پہلو خدا کی بندگی اور رسولﷺ کی پیروی سے عبارت تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان روانگی سے قبل ہارونیہ اسلامک سنٹر راچڈیل میں حضرت مولانا محمد یعقوبؒ بگھاروی کے سالانہ عرس کی الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا حضرت امام ربانی مجدد الف ثانیؒ شیخ سرہندی عالم اسلام کی عظیم المرتبت اور مایہ ناز شخصیت ہیں جنہوں نے اپنی عمر کا ہر لمحہ شریعت محمدی کےمطابق گزارا جس سے برصغیرمیں عظیم انقلاب برپا ہوا، انہوں نے کہا حضرت مجدد الف ثانیؒ نے اپنے اخلاق اور پرہیز گاری سے ہندوستان میں کروڑوں مسلمانوں کو فیضیاب کیا بلکہ آپ نے شریعت و طریقت کے راستوں میں پڑنے والی خلیج کو ختم کیا اور کلمہ حق بلند کرتے ہوئےباطل قوتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، انہوں نےکہا برصغیر پاک و ہند میں اسلام کی ترویج، صوفیا کرام اور بزرگ ہستیوں کی مرہون منت ہے جنہوں نےاس مقصد کی خاطر اپنی زندگیاں وقف کر دیں اور علم و عمل کی ایسی مثالیں قائم کیں جس سے اولیا اللہ اور صوفیا کرام کی یادوں کے چراغ آج بھی روشن ہیں، انہوں نے برطانیہ میں پروان چڑھنے والی نوجوان نسل کے حوالے سے کہا کہ والدین کوچاہئے کہ وہ اپنے بچوں پر خصوصی توجہ دیں تاکہ نوجوان نسل نبی پاکﷺ کواپنا رول ماڈل بنا کر مغربی معاشرے میں اپنے کردار اور طرزعمل سے ثابت کریں کہ اسلام امن اور محبت کا علمبردارہے اور نوجوان نسل کے اندرخلوص، محبت، پیار اور احترام کو عام کیا جائے تاکہ وہ مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرسکیں۔ ڈاکٹر پیر فضیل عیاض قاسمی موہڑہ شریف نے کہا کہ برصغیر میں اشاعت اسلام کا سہرا بزرگان دینؒ، اولیا کرامؒ اور صوفیاکرامؒ کے سر جاتا ہے اور یہی وجہ ہےکہ بزرگان دین کے آستانے آج بھی رشد و ہدایت کا منبع اور بھٹکی ہوئی انسانیت کو منزل پر لانے اور ہدایت کا ذریعہ ہیں۔ علامہ سجادساجد نے کہا کہ صوفیا کی تعلیمات ہمارا قیمتی ورثہ ہیں اورانہوں نے جو پیغام دیا ہے امت مسلمہ اس پر عمل پیرا ہوکر اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کر سکتی ہے۔ علامہ عمر حیات قادری نے کہا کہ آج وقت کا تقاضا ہےکہ مسلمان ہر قسم کے اختلافات اور نفرتوں کو ترک کریں اور رسولﷺ کے سچے غلام، صحابہ کرامؓ اور اہل بیت کے سچے عقیدت مند اور اولیا اللہ سے محبت کرنے والے بنیں۔ مفتی قاری عبدالرحیم نقشبندی نے کہا کہ آج بھی اگرعالم اسلام صوفیاکی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کاپختہ عزم کرے تو دنیا کا امن سکون واپس آسکتاہے۔ بارگاہ رسالتﷺ میں نذرانہ عقیدت پاکستان سے آئےمعروف ثنا خواں مصطفیﷺ سید الطاف حسین شاہ کاظمی، قاری اسماعیل مصباحی ، قاری ظہیر اقبال، قاری سمندر خان اور دیگرنے پیش کیا۔