• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی اداکار اشیش ودیارتھی اور سابقہ اہلیہ نے دھوکا دہی کے الزامات پر لب کشائی کردی

فائل فوٹو
فائل فوٹو

بالی ووڈ کے سینئر اداکار اشیش ودیارتھی نے گزشتہ دنوں فیشن ڈیزائنر روپالی براو سے دوسری شادی کی تو ان پر اپنی پہلی بیوی کو دھوکا دینے کے الزامات عائد کئے گئے۔ 

تاہم اب سینئر اداکار اور ان کی پہلی بیوی راجوشی عرف پیلو ودیارتھی نے اس حوالے سے لب کشائی کر تے ہوئے طلاق کی تصدیق کردی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سینئر اداکار اشیش ودیارتھی کی سابقہ اہلیہ راجوشی ودیارتھی نے انٹرویو میں بتایا کہ وہ دونوں 2021 میں الگ ہوگئے تھے، پھر گزشتہ برس اکتوبر میں باہمی رضامندی سے عدالت کے ذریعے طلاق لے لی تھی۔

انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اشیش ودیارتھی نے انہیں کوئی دھوکا نہیں دیا، وہ اچھے شوہر اور بہترین شریک حیات تھے اور ذمہ دار والد ہیں اور رہیں گے۔

انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ان کے سابق شوہر کو ان کی پسند کا ساتھی مل گیا اور انہوں نے شادی کرلی۔

خیال رہے کہ اشیش ودیارتھی نے راجوشی ودیارتھی سے 2001 میں شادی کی تھی اور ان کا ایک بیٹا آرتھ ودیارتھی بھی جو امریکا میں مقیم ہے اور ٹیسلا میں کام کرتا ہے۔

دوسری جانب اشیش ودیارتھی نے بھی اپنے سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی پہلی بیوی راجوشی ودیارتھی سے گزشتہ برس باہمی رضامندی سے طلاق ہوچکی ہے۔

مختصر دورانیے کی اس ویڈیو میں بالی ووڈ کے سینئر اداکار نے پہلی بیوی کے ساتھ زندگی کے گزرے 22 سال کو عمر کا بہترین حصہ قرار دیا اور ساتھ ہی کہا کہ انہیں پہلی بیوی نے خوبصورت بیٹا ارتھ بھی دیا۔


انہوں نے پہلی بیوی راجوشی ودیارتھی کی تعریفیں کرتے ہوئے انہیں بہترین ہم سفر اور خوبصورت انسان بھی قرار دیا۔

اداکار کا کہنا تھا کہ ہر انسان کی الگ الگ خواہشات، ترجیحات اور عادتیں ہوتی ہیں لیکن ہر شخص میں ایک بات مشترک ہوتی ہے کہ ہر کوئی خوش رہنا چاہتا ہے اور اسی لیے انہوں نے اور ان کی پہلی بیوی نے علیحدگی کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے اپنی دوسری شادی کے حوالے سے وضاحت دیتے ہوئے مزید کہا کہ میں طلاق کے بعد سے ہی کسی نہ کسی سے شادی کرنا چاہتا تھا، کیونکہ مجھے اکیلے سفر نہیں کرنا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جیسا آپ سوچتے ہیں ویسا ہی آپ کے ساتھ ہوتا ہے، اس وقت میں 55 برس کا تھا جب میری ملاقات روپالی براو سے ہوئی۔ ہمیں ایک دوسرے سے بات چیت کرکے لگا کہ ہم میاں بیوی کے طور پر ایک ساتھ زندگی گزار سکتے ہیں اس لئے ہم نے شادی کا فیصلہ کر لیا۔

انہوں نے اپنی اور روپالی براو کے عمر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں 60 برس کا نہیں بلکہ 57 کا ہوں جبکہ روپالی براو 50 سال کی ہیں، لیکن عمر صرف ایک ہندسہ ہی ہے، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، ہم سب کو خوش رہنا چاہیے پھر چاہے ہم عمر کے کسی بھی حصے میں ہوں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید