لاہور کے چلڈرن اسپتال میں دم توڑنے والی نومولود بچی کی موت کی وجہ سامنے آ گئی۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق بچی کو ایمرجنسی میں 3 روز قبل دست اور سانس میں دشواری کی وجہ سے اسپتال لایا گیا تھا، اس دوران بچی کو نیلا یرقان بھی ہوا تھا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز بچی کو دوبارہ چلڈرن اسپتال لایا گیا، بچی کو انفیکشن کی وجہ سے جسم پر سرخ دھبے پڑے ہوئے تھے۔
ابتدائی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ نومولود بچی کا انتقال جسمانی اعضاء فیل ہونے کے باعث ہوا۔
واضح رہے کہ لاہور کے چلڈرن اسپتال کی نرسری میں دو بچےجھلس گئے تھے جن میں سے ایک بچی کا انتقال ہو گیا تھا۔
بچوں کے جھلسنے کا واقعہ نرسری میں دورانِ علاج پیش آیا تھا۔
بچوں کے والدین نے الزام عائد کیا کہ جھلسنے سے بچوں کی حالت غیر ہوئی، اسپتال کے عملے نے نرسری میں بچوں کو زیادہ ہیٹ دے دی تھی۔