اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) اردن کے ولی عہد شہزادہ الحسین بن عبد اللہ الثانی کی سعودی خاتون رجوۃ خالد السیف کے ساتھ شادی کے دو روزہ جشن کا آغاز آج (بدھ) سے ہورہا ہے۔
تاہم شادی کے حوالے سے رسم ورواج اور شاہی روایات کا سلسلہ کئی روز پہلے سے شروع ہوگیا تھا، ان تقاریب میں قدیم وراثت میں ملنے والی اور شاہی شادی کی روایات کو یکجا کیا جارہا ہے، شاہی شادی میں عرب دنیا اور عالمی شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔
شاہ عبداللہ الثانی اس موقع پر الہاشمی ایوان شاہی میں عشائیہ دیں گے جس میں اردن کے چار ہزار سے زیادہ شہری شریک ہوں گے۔
اردن کے سرکاری خبررساں ادارے کے مطابق عشائیہ کے دوران اردن کے گیت اور نظمیں پیش کی جائیں گی۔
ان کے ذریعے اردن کے رنگا رنگ ثقافتی ورثے کا اظہار ہوگا۔ جمعرات یکم جولائی کو زہران محل میں نکاح کی رسم ادا ہوگی۔
یہاں سے شاہی جوڑے کا کارواں سرخ جلوس کے جلو میں الحسینیہ محل کا رخ کرے گا، دارالحکومت عمان کی متعدد سڑکوں سے گزرے گاجنہیں قومی پرچموں سے آراستہ کردیا گیا ہے۔
اس موقع پر مختلف انداز اور اقدار میں خوشی کا مظاہرہ ہوگا۔
ملکہ اردن رانیہ العبداللہ الحسینیہ محل میں استقبالیہ دیں گی۔ اس کے بعد باقاعدہ عشائیے کا اہتمام ہوگا۔
اردن کے شاہی جوڑے کی شادی کی تقریبات میں شرکت کے لیے مہمان عمان پہنچنے لگے ہیں۔
شادی کی تقریب میں برادر اور دوست ممالک کے سربراہ، ولی عہد اور ممتاز شخصیات شامل ہوں گی۔