• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وورسیسٹر کے 5 کار پارک جولائی سے کیش لیس کردیئے جائیں گے

لندن (پی اے) گزشتہ سال 14کار پارک سائیٹس پر پیدا ہونے والے مسائل کے بعد اب وورسیسٹر کے 5 کار پارک جولائی سے کیش لیس کردیئے جائیں گے جبکہ ایپ کے ذریعے پارکنگ کے ذریعے معمر ڈرائیوروں کو ڈیجیٹل طریقے سے فیس کی ادائیگی سے مستثنیٰ کردیا جائے گا۔ وورسیسٹر نے یہ فیصلہ کیش ادائیگی میں کمی اور ایپ کے بڑھتے ہوئے استعمال کے پیش نظر کیا ہے لیکن Age UK نے متنبہ کیا ہے کہ برطانیہ میں 65 سال سے زیادہ عمر کے کم وبیش 2.4 ملین افراد، جو اب تک کیش پر ہی انحصار کرتے ہیں، اس فیصلے سے متاثر ہوں گے ۔ کونسلیں تھرڈ پارٹی ایپس استعمال کررہی ہیں، ان کا کہنا ہے کہ اس سے مشینوں کی دیکھ بھال پر خرچ ہونے والی رقم کی بچت ہوتی ہے اور زیادہ محفوظ اورآسان ہے۔ اس فیصلے سے وورسیسٹر کے متاثر ہونے والے کارپارکس میں Clare Street, Tallow Hill, Tybridge Street, Commandery Road اور The Moorsکے پارکس شامل ہیں۔ Age UK کا کہنا ہے کہ 65 سال سے زیادہ عمر کے کم وبیش39 فیصد افراد اسمارٹ فون استعمال نہیں کرسکتے اور انھیں نیٹ ورک میں دشواری یا رکاوٹ جیسے مسائل کا سامنا کرنا ہوتا ہے۔ برطانیہ میں کم وبیش 30 پارکنگ ایپس زیر استعمال ہیں اور پارکنگ فیس جمع کرانے کیلئے استعمال کرنے والے کو درست ایپ کو منتخب کرنا ہوتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ٹیکنالوجی اگر کام کرے تو بہت شاندار چیز ہے لیکن اگر یہ کام نہ کرے تو آپ کہیں کے نہیں رہتے۔ Age UK کا کہنا ہے کہ اسے روزانہ لوگوں کی شکایات مل رہی ہیں کہ ان کے استعمال میں عام طورپر رہنے والے کار پارک ایپ پر جارہے ہیں، جس کی وجہ سے انھیں دشواریوں کا سامنا ہے کیونکہ وہ ایپ استعمال کرنا نہیں جانتے، جس کی وجہ سے ان کی زندگی مشکلات کا شکار ہورہی ہے۔ دوسری جانب ہائی اسٹریٹ کے دکانداروں کو خدشہ ہے کہ اس سے ان کے یہاں شاپنگ کیلئے آنے والے خریداروں کی تعداد کم ہورہی ہے۔ واروک شائر کونسل کا کہنا ہے کہ اس کا سڑکوں پرکارپارکنگ کے مقامات پر کیش ادائیگی کا سلسلہ ختم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
یورپ سے سے مزید