پشاور (لیڈی رپورٹر)زرعی یونیورسٹی پشاور کے شعبہ سوئل اینڈ انوارمینٹل سائنسز نے " پلاسٹک کی آلودگی سے بچاؤ " کے عنوان سے 5 جون عالمی یوم ماحولیات کی مناسبت سے ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی پشاور پروفیسر ڈاکٹر جہان بخت نے اس موقع پر کہا کہ ماحول کو بے شمار خطرات لاحق ہیں، ان خطرات سے نمٹنے کے لئے مشترکہ حکمت عملی کی ضرورت ہے، اُنہوں نے کہا کہ عالمی یوم ماحولیات کا مقصد آلودگی کی بڑھتی ہوئی سطح اور ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ماحول کو لاحق خطرے کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پلاسٹک سے پھیلنے والی آلودگی کے خاتمے کے لئے ہر ایک اس عزم کا آعادہ کریں کہ وہ پلاسٹک تھیلوں وغیرہ کا استعمال ترک کریں ۔ اُنہوں نے کہا کہ پلاسٹک کے استعمال نے ماحولیاتی نظام، جنگلی حیات اور انسانی صحت کے لئے تباہ کن نتائج پیدا کئے ہوئے ہے۔ پلاسٹک کی آلودگی کا خاتمہ کرکے آنے والی نسلوں کی بقا کے لئے کردار ادا کرنا چاہئے۔ چئیرمین شعبہ سوئل اینڈ انوارمینٹل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد شریف نے اس دن کی مناسبت سے تفصیلی بریفنگ دی۔ سیمینار میں مختلف یونیورسٹیوں اور دیگر تنظیموں کے سائنسدانوں، فیکلٹی ممبران اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جنہوں نے پلاسٹک کے استعمال سے ماحول کو درپیش خطرات سے سامعین کو آگاہ کیا۔ آخر میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جہان بخت نے شرکاء میں شیلڈز تقسیم کئے اور پلاسٹک کی آلودگی سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی واک کی قیادت کی جن میں شرکاء نے پلاسٹک کی آلودگی سے بچاؤ کے بینرز اٹھا رکھے تھے۔