• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہائی کمیشن لندن، پاکستانی وزیر تجارت کی سرکردہ انویسٹمنٹ فرمز کے عہدے داروں سے نتیجہ خیز ملاقات

لندن (جنگ نیوز) پاکستان کے وزیر تجارت نوید قمر نے سرکردہ سرمایہ کار فرمز کے ساتھ پاکستان ہائی کمیشن لندن میں گزشتہ روز ایک نتیجہ خیز ملاقات کی جس میں پاکستانی ہائی کمشنر معظم احمد خان اور ایڈیشنل سیکرٹری تجارت احسن علی منگی بھی موجود تھے۔ یہ سرمایہ کار فرمز بنیادی طور پر ایکوٹی فنانسنگ، فنٹیک، سٹارٹ اپ اور وینچر کیپیٹل فنڈز میں ڈیل کرتی ہیں، اس اجلاس کا مقصد پاکستان میں سرمایہ کاری کے مستقبل کے امکانات تلاش کرنا، دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھانا اور پاکستان کے پبلک اینڈ پرائیویٹ سیکٹرز کے ساتھ اقتصادی پارٹنر شپ کو فروغ دینا ہے۔ پاکستان ہائی کمیشن کی پریس ریلیز کے مطابق اس اجلاس میں فرینکلن ٹیمپلٹن، امونڈی ایسٹ مینجمنٹ، نیو برجر برمن، اشمور، ویلنگٹن کیپٹل، ایچ ایس بی سی، اے این بی کیپٹل ریاض، سعودی آرامکو بلیو بے، جیفریز، سٹرجن کیپیٹل، کے اے ایس بی کے ٹریڈ، ای ایف یو لائف اور TTB پارٹنرز سمیت دیگر انویسٹمنٹ فرمز کے سینئر عہدے دار موجود تھے۔ اجلاس میں ان کی شرکت نے پاکستان میں سرمایہ کاری کی صلاحیت میں بڑھتی ہوئی دلچسپی اور اعتماد کو اجاگر کیا جو انٹرنیشنل انویسٹرز کیلئے ایک پرکشش مقام کے طور پر ملک کی ابھرتی ہوئی پوزیشن کی عکاسی ہے۔ ملاقات کے دوران وزیر تجارت نوید قمر نے شرکا کے ساتھ تعمیری بات چیت کی اور ملک میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول کی فراہمی اور پاکستان میں فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ (ایف ڈی آئی) کی سہولت فراہم کرنے کیلئے حکومت کے عزم پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے نظام کے بارے میں شرکا کی جانب سے پوچھے گئے مختلف سوالات کے جوابات دیئے۔ وزیر تجارت نے پاکستان میں بزنس کرنے میں آسانیاں بڑھانے اور سرمایہ کاروں کیلئے ایک محفوظ اور منافع بخش ماحول کو یقینی بنانے کے سلسلے میں حکومت کی جانب سے کی گئی اہم اقتصادی اصلاحات پر بھی روشنی ڈالی۔ نوید قمر نے اجلاس کے شرکا کے سامنے پاکستان کے اہم سرمایہ کاری شعبوں بشمول توانائی، انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ، مینوفیکچرنگ، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور فنانشل سروسز کا ایک جامع جائزہ فراہم کیا۔ انہوں نے ملک کے سٹریٹجک محل وقوع، سکلڈ ورک فورس اور مارکیٹ کی صلاحیت کو سرمایہ کاری کیلئے راغب کرنے والے عوامل کے طور پر اجاگر کیا۔ اجلاس نے اوپن ڈائیلاگ، خیالات کے تبادلے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کمپنیوں کیلئے انویسٹمنٹ کے ممکنہ منصوبوں کی تلاش کے سلسلے میں ایک قابل قدر پلیٹ فارم کے طور پر کام کیا ہے۔

یورپ سے سے مزید