• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈینٹل سرجن سے کورونا وائرس کے فوکل پرسن کا خلاف قانون چارج واپس لے لیا گیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سینٹرل نے عدالتی احکامات کے خلاف تعینات ڈینٹل سرجن کو کورونا وائرس کے فوکل پرسن کے عہدے سے ہٹا دیا ہے تاہم محکمہ صحت سندھ نے تاحال انٹی گریٹڈ سروسز ڈیلیوی کے فوکل پرسن کا چارج ان سےواپس نہیں لیا جس سے سینئر اور اہل افسران کی حوصلہ شکنی ہو رہی ہے جبکہ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے پراجیکٹ کے نام پر دیئے گئے فنڈز اور خدمات کا خاطر خواہ فائدہ عوام تک نہیں پہنچ رہا۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سینٹرل ڈاکٹر شاہ محمد شیخ نے منگل کو ایک اعلامیہ جاری کیا جس کے مطابق 30 مارچ 2023 کو جاری دفتری اعلامیہ نمبر DHOKC/Estab/2972/77 جس کے تحت ڈینٹل سرجن ڈاکٹر حرا ظہیر کوکورونا وائرس کے فوکل پرسن کا اسائن ٹو ورک دیا گیا تھا وہ فوری واپس لیا جاتا ہے ۔دوسری جانب انٹی گریٹڈ سروسز ڈیلیوری کے فوکل پرسن کا چارج تاحال ان سے واپس نہیں لیا گیا۔ ڈی ایچ او سینٹرل نے جنرل کیڈر کے کسی ڈاکٹر کا نام تاحال محکمہ صحت کو تجویز نہیں کیا حالانکہ ایک ڈینٹل سرجن کو عام امراض سے متعلق وہ مہارت نہیں ہوتی جو ایم بی بی ایس ڈاکٹروں کو ہوتی ہے اسی لئے کراچی کے تمام اضلاع میں ایم بی بی ایس ڈاکٹروں کو فوکل پرسن تعینات کیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ عالمی ادارہ صحت اپنے انٹی گریٹڈ سروس ڈیلیوری یونٹ کے تحت مختلف ممالک کو عوام کی صحت پر مبنی مربوط خدمات ڈیزائن اور فراہم کرنے میں مدد کرتا ہے۔ یہ یونٹ عوام تک صحت کی محفوظ اور معیاری خدمات پہنچانے کے لئے تکنیکی مدد فراہم کرتا ہے جس کے تحت ایک منظم ورک فورس تشکیل دی جاتی ہے جو عوام کی صحت کی دیکھ بھال پر توجہ مرکوز کرتی ہے جبکہ اس ورک فورس کو ماہانہ لاکھوں روپے وظائف بھی دیئے جاتے ہیں لیکن بدقسمتی سے محکمہ صحت نے عالمی ادارہ صحت کے پراجیکٹ کی ذمہ داری ضلع وسطی میں ایک ڈینٹل سرجن کو سونپ دی جس کا خاطر خواہ فائدہ عوام کو نہیں پہنچ رہا۔
اہم خبریں سے مزید