اکثر آپ کو ٹی وی چینلز پر پینل ڈسکشن یا بحث سننے کو ملتی ہے، یا پھر اخبارات میں ایک پورا صفحہ کسی نہ کسی موضوع پر پینل کے شرکاء اور ان کی تصاویر سے سجا ہوتا ہے، خاص طور پر بجٹ یا کوئی بھی پالیسی نافذ ہونے کے بعد اکثر مباحثے پینل کے ذریعے ہی ہوتے ہیں۔ پینل ڈسکشن میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو متعلقہ عنوانات پر بات چیت کے لیے مدعو کیا جاتا ہے اور ان کا مباحثہ سامعین سنتے یا ناظرین دیکھتے ہیں۔ عام طور پر ہر ایک پینلسٹ پیش کردہ موضوع پر دوسروں سے مختلف رائے رکھتا ہے جس سے سامعین کو سیکھنے یا سننے کا موقع ملتا ہے۔
فکر انگیز موضوع
پینل ڈسکشن کے لیے عنوان منتخب کرتے وقت یاد رکھنے والا سب سے اہم نقطہ یہ ہے کہ وہ معنی خیز ہویا پھر انڈسٹری میں ا س کی بازگشت ہونی چاہئے۔ عنوان اتنا اہم ہو کہ نہ صرف پینلسٹ اس میں شرکت کریں بلکہ اس پر کُھل کر اظہار رائے بھی کریں۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ موضوع بہت عام نہ ہو اور نہ ہی ایسا کہ جس پر مباحثہ جلد ختم ہو جائے یا کوئی اور رُخ اختیار کرلے۔
ہنر مند ناظم کا انتخاب
اپنے منتخب کردہ موضوع کو مدنظر رکھتے ہوئے نظامت کے فرائض انجام دینے والے کا انتخاب کریں۔ ضروری نہیں کہ ناظم (موڈریٹر) آپ کے منتخب کردہ عنوان پر مہارت رکھتا/ رکھتی ہو لیکن وہ یقینی طور پر پینل ڈسکشن کو ہموار اور ٹریک پر رکھنے میں مدد کرے گا / گی۔ پینل کے لیے ایسے ماہر موڈریٹر کا انتخاب کریں جو قابل افراد کے پینل کی رہنمائی اعتما دسے کرنے کی اہلیت رکھتا ہو۔
پینلسٹ منتخب کرنا
پینل ڈسکشن کے لیے پینلسٹ منتخب کرنا سب سے اہم مرحلہ ہوتا ہے۔ متعلقہ اداروں یا شعبوں سے پینل کے لیےتین سے پانچ قابل افراد منتخب کریں۔ جن لوگوں کا انتخاب کیا جائے ان کے بارے میں مکمل معلومات اور تحقیق پہلے ہی کرلینی چاہئے۔ آپ کو اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ وہ تمام افراد متعلقہ موضوع کے حوالے سے قابلیت رکھتے ہوں اور ماضی میں اس قسم کے پینلز میں شرکت کرچکے ہوں ، ان کے پاس متنوع پس منظر، تعلیم، تجربہ وغیرہ سب کچھ ہو۔
موڈریٹر سے پینلسٹ کی ملاقات
ایونٹ کے انعقاد سے پہلے پینل کے تمام شرکاء کا موڈریٹر سے تعارف کروانا ایک اچھا خیال ہوسکتاہے۔ اس سے نہ صرف انہیں ایک دوسرے کو سمجھنے میں آسانی ہوتی ہے بلکہ سامعین کے سامنے گفتگو سے پہلے وہ ایک دوسرے کی شخصیت کو جاننے کے اہل ہوجاتے ہیں۔ اس عمل سے پینل ڈسکشن کے دوران ہونے والی گفتگو سہل بنانے میں بہت مدد ملتی ہے۔ ذرا سوچئے کہ کسی اجنبی کے ساتھ آپ کی گفتگو کیسے معنی خیز ہو سکتی ہے، جس سے آپ تھوڑی دیر پہلے ملے ہوں۔ لہٰذا کوشش کریں کہ ایک دن قبل نہ سہی مگر ڈسکشن شروع ہونے سے پہلے موڈریٹر اور شرکاء آپس میں تبادلہ خیال کریں۔
سوالات کی تیاری
اگر آپ کا منتخب کردہ موڈریٹر موضوع پر مہارت رکھتا ہے تو آپ کو سوالات تیار کرنے میں اس کے ساتھ تعاون کرنا چاہئے۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ سوالات واضح اور پینل کے پس منظر میں ہوں تاکہ پینلسٹ جواب دینے میں جوش و خروش کامظاہر ہ کریں۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ موڈریٹر دوسروں کے مقابلے میں کسی ایک پینلسٹ کی حمایت نہ کرے۔
پینل روم کا انتظام
اس بات کو یقینی بنائیں کہ پینل ڈسکشن کے لیے منتخب کردہ کمرے یا مقام کی ترتیب اس طرح رکھی جائے جس سے ہر ممبر، حتیٰ کہ سامعین کو بھی اس میں حصہ لینے کی ترغیب ملے۔ اس کا مطلب یہ ہوسکتا ہے کہ سامعین کی نشستیں پینلسٹ کے قریب رکھی جائیں اور لوگوں کو وہاں بیٹھنے کی ترغیب دی جائے۔ آپ پینلسٹ سے بھی پوچھ سکتے ہیں کہ ان کے لیے کس قسم کی سیٹنگ آرام دہ رہے گی۔
بحث شروع کریں
کسی بھی کانفرنس ، کنونشن یا اجلاس میں پینل کے مباحثے معلومات کے حصول کا ذزیعہ بنتے ہیں۔ کسی بھی قسم کی بحث یا بات چیت نئے آئیڈیاز، مختلف نقطہ نظر اور بصیرت کو سامنے لاتی ہے، یہی وجہ ہے کہ پینل کے مباحثوں والے ایونٹ عموماً کامیاب ہوتے ہیں۔ اس بات کو ذہن میں رکھیں کہ پینل کے تمام مباحثے مختلف ہو سکتے ہیں اور یہ بھی ممکن ہے کہ اس کے مطلوبہ نتائج نہ ملیں لیکن جب تک گفتگو متعلقہ موضوع پر رہے گی تو اس سے بہت کچھ حاصل کیا جاسکتا ہے۔