معروف بھارتی گلوکار و اداکار دلجیت دوسانج نے امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ سے اپنے تعلقات کے بارے میں سامنے آنے والی خبروں پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔
دلجیت دوسانجھ جوکہ زیادہ تر امریکا میں رہتے ہیں، اُنہوں نے حال ہی میں کوچیلا 2023ء میں شاندار پرفارمنس دی ہے۔
میڈیا کی ایک رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اسی دوران اُنہوں نے گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کے ساتھ وینکوور کے’کیکٹس کلب کیفے کول ہاربر‘ میں ایک ساتھ کافی خوشگوار وقت گزارا۔
رپورٹ کے مطابق، پیر کی رات ’کیکٹس کلب کیفے کول ہاربر‘ میں اپنے دو پسندیدہ اسٹارز کو ایک ساتھ کھانا کھاتے ہوئے دیکھ کر سب حیران رہ گئے۔
دلجیت دوسانج نےمائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر اپنے ایک ٹوئٹ میں اس خبر پر اپنے ردِ عمل میں لکھا کہ’پرائیوسی نام کی بھی کوئی چیز ہوتی ہے‘۔
بھارتی گلوکار نے بعد میں اپنی ٹوئٹ کو ڈیلیٹ کردیا جس کے بعد مداح مزید تشویش میں مبتلا ہوگئے۔
مداح دونوں فنکاروں کے تعلقات پر دلچسپ تبصرے کرتے نظر آرہے ہیں اور بعض سوشل میڈیا صارفین کا خیال ہے کہ یہ دونوں گلوکار کسی نئے گانے کے لیے ساتھ کام کررہے ہیں۔