کراچی(نیوز ڈیسک)مس ورلڈ آرگنائزیشن کی چیئرپرسن اور سی ای او مس جولیا مارلے ،مس انڈیا2022سینی شیٹی اور 2022کی مس ورلڈ کی فاتح کیرولینا بیلاوسکا نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ 71ویں عالمی مقابلہ حسن کا انعقاد اس مرتبہ بھارت میں کیا جائے گا۔ بھارت میں اس مقابلے کا انعقادتقریباً 27سال کے طویل وقفے کے بعد ہورہا ہے۔ایونٹ کا انعقاد رواں برس کے آخر میں نومبر یا دسمبر میں کیا جائے گا تاہم ابھی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔ کیرولینا بیلاوسکا نے کہا کہ پورے ایک ماہ تک بھارت میں دنیا کو دکھانے کیلئے بہت کچھ ہے۔بھارتی ریاست کرناٹک سے تعلق رکھنے والی 2022 کی مس انڈیا 21 سالہ سینی شیٹی عالمی مقابلہ حسن میں بھارت کی نمائندگی کریں گی۔2022 کے مس انڈیا مقابلے میںراجستھان سے روبل شیخاوت مِس انڈیا 2022ء کی پہلی رنر اپ کے طور پر سامنے آئیں اور اتر پردیش سے تعلق رکھنے والی شناتا چوہان کو مس انڈیا 2022ء کی سیکنڈ رنر اپ کا تاج پہنایا گیا۔پولینڈ سے تعلق رکھنے والی کیرولینا بیلاوسکا نے پورٹو ریکو میں ہونے والے مس ورلڈ مقابلے کا 70 واں ایڈیشن جیتا تھا۔2017 کے عالمی مقابلہ حسن کی فاتح منوشی چلر نے کہا خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں عالمی مقابلہ حسن کا خیر مقدم کرنے کیلئے بہت پرجوش ہوں۔خیال رہے کہ منوشی چلر نے اکشے کمار کی فلم پرتھوی راج کے ذریعے بالی ووڈ میں اپنے کیریئر کا آغاز کردیا ہے۔بھارت سے عالمی حسیناؤں کی فہرست پر نظر ڈالیں تو بالی ووڈ اداکارہ اور سابقہ عالمی حسینہ پریانکا چوپڑا کے بعد منوشی چلر 17 سال بعد مس ورلڈ کا تاج بھارت واپس لائی تھیں۔پریانکا چوپڑا نے بالی ووڈ میں اپنی اداکاری کا لوہا منوانے کے بعد ہالی ووڈ کا رخ کیا۔اس وقت او ٹی ٹی پلیٹ فارم امیزون پرائم پر ان کی سیریز سیٹاڈل نشر ہورہی ہے۔1999 میں مس ورلد کا تاج یوکتا موکہے کے سر پر سجا تھا۔وہ چوتھی بھارتی حسینہ تھیں جنہوں نے فیمنا مس انڈیا ورلڈ جیتنے کے بعد مس ورلڈ جیتا۔بعد ازاں انہوں نے تامل اور بالی ووڈ فلم انڈسٹریز میں کام کیا، وہ ان دنوں سماجی کارکن کے طور پر خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔1997 میں ڈیانا ہیڈن مس ورلڈ قرار پائیں۔وہ یہ اعزاز پانے والی بھارت کی تیسری حسینہ تھیں۔انہوں نے مس ورلڈ،ایشیا اور اوشینیا، مس فوٹوجینک اور شاندار سوئمر کا تاج بھی پہنا۔2008 میں انہوں نےبھارتی مقبول ٹی وی شو بگ باس میں بھی حصہ لیا۔مس ورلڈ کا خطاب پانے والی ایشوریا رائے دوسری بھارتی حسینہ تھیں۔انہیں 1994 میں مس ورلڈ کا تاج پہنایا گیا۔پدما شری ایوارڈ یافتہ بالی ووڈ اداکارہ کو ان کے فلم جودھا اکبر میں جودھا، امراؤ جان میں امراؤ اور ہم دل دے چکے صنم میں نندنی جیسے معروف کرداروں سے بھی جانا جاتا ہے۔ریٹا فاریا پہلی بھارتی خاتون تھیں جو مس ورلڈ کی فاتح بنیں،انہوں نے 1966 میں یہ مقابلہ جیتا اور بیسٹ ان سوئم سوٹ اور شام کے بہترین لباس پہننے والی کا سب ٹائٹل بھی جیتا۔