اسلام آباد (رپورٹ حنیف خالد) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال کی منظوری سے متعدد تقرریوں اور تبادلوں کے نوٹیفکیشن جاری کیے ہیں۔ ایف بی آر کے مطابق بی ایس 20 کے افسر ارشاد حسین نے 10 نومبر 2025 سے چیف کمشنر آئی آر (او پی ایس) ریجنل ٹیکس آفس فیصل آباد کا چارج چھوڑ دیا اور 17 نومبر 2025 کو ایف بی آر ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں چیف کے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔ اسی طرح بی ایس 19 کے افسر جوہر علی شاہ، جو اس وقت ریجنل ٹیکس آفس ایبٹ آباد میں ایڈیشنل کمشنر آئی آر کے طور پر تعینات تھے، کو فوری طور پر آر ٹی او سکھر میں ایڈیشنل کمشنر آئی آر مقرر کر دیا گیا ہے، اور اگر وہ پہلے پرفارمنس الاؤنس حاصل کر رہے تھے تو نئی تعیناتی پر بھی وہ جاری رہے گا۔ مزید برآں بی ایس 20 کے افسر فضلِ سبحان، جو آر ٹی او پشاور کے لارج ٹیکس پیئرز زون میں کمشنر آئی آر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے، کو یکم جنوری 2026 سے 365 روزہ ایل پی آر کی اجازت دے دی گئی ہے، جس کے بعد وہ قانونی عمرِ ریٹائرمنٹ پوری ہونے پر سرکاری ملازمت سے سبکدوش تصور ہونگے۔