اسلام آباد( اسرار خان ) پاکستان کے بجلی کے نگران ادارے نیپرا نے تین بڑی سرکاری پاور کمپنیوں پر بھاری جرمانے عائد کیے ہیں، کیونکہ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ30افراد کی جانیں ایسی حادثات میں گئیں جو مکمل طور پر روکے جا سکتے تھے۔ پیر کے روز نیپرا نے لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)، گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) اور فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) پر مجموعی طور پر 57.5 ملین روپے کا جرمانہ عائد کیا۔ نگران ادارے نے ان اموات کا سبب وسیع سطح کی غفلت، ناقص انتظامی کارروائی اور بنیادی حفاظتی اصولوں کی عدم پیروی کو قرار دیا، جو 2023–24 کے دوران رپورٹ ہوئیں۔لیسکو پر 30 ملین روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا، کیونکہ اس کے نظام میں 13 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ نیپرا نے کہا کہ کمپنی لازمی حفاظتی قوانین پر عمل نہ کر سکی، کام کی درست منصوبہ بندی نہیں کی، اور حفاظتی سامان کے استعمال کو یقینی نہیں بنایا۔