حکومت اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے درمیان کئی ماہ سے جاری تنازع میں تنائو کی کیفیت تبدیل ہورہی ہے، حکومتی رویہ میں نرمی پیدا ہونا شروع ہوگئی ہے، جونیئر ایشیا کپ میں پاکستانی ٹیم کے سلور میڈل حاصل کرنے کے بعد حکومت نے اپنی پالیسی میں مثبت تبدیلی پیدا کی ہے جو اس کھیل کے لئے اچھی علامت ہے، فیڈریشن سے اختلافات اپنی جگہ مگر کھلاڑیوں کے ساتھ زیادتی کسی طور بھی قابل قبول عمل نہیں، اسی لئے جب حکومت نے پی ایچ ایف کے حوالے سے اپنی حکمت عملی میں تبدیلی پیدا کی تو ہاکی کے حلقوں نے اس کا خیر مقدم کیا اور اسے کھیل کے مفاد میں قابل ستائش عمل قرار دیا۔
جونیئر ٹیم کی جیت کے بعد پاکستان اسپورٹس بورڈ نے بھارت میں اس سال ہونے والی ایشین چیمپئینز ٹرافی ہاکی ایونٹ کے لئے پی ایچ ایف کو ڈھائی کروڑ روپے کا چیک جاری کردیا جس سے ٹیم کی تیاری اور سفری اخراجات میں مدد ملے گی، چیک جاری ہونے کے بعد اس بات کا امکان ہے کہ حکومت قومی ٹیم کو بھارت جانے کے لئے این او سی جاری کردے گی، پی ایس بی کے اس اقدام سے پی ایچ ایف کی قانونی حیثیت کو تسلیم کئے جانے کا اشارہ مل رہا ہے، پی ایس بی پچھلے اگست سے فیڈریشن کو تسلیم نہیں کررہی ہے تاہم اب صورت حال میں تبدیلی کے آثار نمایاں ہونے لگے ہیں۔
پی ایس بی کی جانب سے پی ایچ ایف کو ڈھائی کروڑ روپے کا چیک جاری کیا گیا جس کا مقصد قومی کھیل میں بہتری لانا ہے، پی ایس بی حکام کا کہنا ہے کہ قومی جو نیئر ایشیا کپ میں حصہ لینے والی قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو ان کی ڈیلی کے بقایاجات کی اد ائیگی کے سلسلے میں بھی فیڈریشن کے ساتھ تعاون کیا جائے گا،پی ایچ ایف کے سکریٹری سید حیدر حسین نے پی ایس بی اور بین الصوبائی وزارت کے وفاقی وزیر احسان مزاری کا چیک جاری کئے جانے پر شکریہ ادا کیا ہے۔
دوسری جانب آرمی ویلفیئر ٹرسٹ نے رواں سال قومی ہاکی چیمپئن شپ کوو اسپانسر کر نے کا اعلان کیا ہے، آرمی ویلفیئر ٹرسٹ کے منیجنگ ڈائریکٹر لیفٹیننٹ جنرل ر نوید مختار نے ہم قومی کھیل کو ترقی دینے کے لئے آگے آئے ہیں،ٹرسٹ کے سکریٹری بریگیڈیئر ر مختار احمد نے کہا کہ نیشنل چیمپئن شپ سےکھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع ملے گا۔
اس موقع پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر ر خالد سجاد کھوکھر,سیکریٹری جنرل حیدر حسین, کلیم اللہ خان، حنیف خان اور رحیم خان بھی موجود تھے۔ قومی سطح کے ایونٹ کو آرگنائز کرنے کے لئے ملک کے اہم ترین ادارے پاکستان آ رمی کا آگے آنا خوش آئند ہے، پاکستان آرمی کی مدد سے ہی پاکستان قومی کھیل میں عالمی اور ایشیائی سطح پر اپنے کھوئے ہوئے مقام کو دوبارہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوسکتا ہے، ایشین چیمپئینز ٹرافی کے لئے قومی ہاکی کیمپ ان دنوں لاہور میں جاری ہے جس کے لئے پی ایچ ایف نے تجربے کار کوچنگ اسٹاف کی تقرری کی ہے، ان میں محمد ثقلین، ریحان بٹ، دلاور حسین اور حسیم خان شامل ہیں، کیمپ میں کھلاڑیوں کی فٹس پر توجہ دی جارہی ہے، دوسری جاننب ایشیا کپ سے وطن واپسی پرجونیئر ہاکی ٹیم کپتان محمد عبداللہ نے کہا کہ کم وسائل ہونے کے باوجود ہم ٹورنامنٹ کے فائنل تک پہنچے جس میں ہم سب کھلاڑیوں کی اپنی محنت اور ہمارے فزیکل ٹرینر کوچ عمران خان اور پوری پاکستان ہاکی منجمنٹ کی محنت شامل ہے۔
بھارت کے ساتھ میچ میں تمام کھلاڑیوں نے بھرپور ہرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔ انشاء اللہ اسی اسپرٹ کیساتھ جونیئر ہاکی ورلڈ کپ کھیلیں گے۔ قوم کو مایوس نہیں کریں گے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل حیدر حسین نے کہا ہے کہ جس طرح جونیئر ہاکی ٹیم نے پرفارم کیا اور جس طرح قوم اور میڈیا نے سپورٹ کی اسکی مثال نہیں ملتی۔ ہم ڈی ایچ اے لاہور کے خصوصی طور پر مشکور ہیں جنہوں نے کھلاڑیوں کو تمام سہولیات فراہم کیں۔ ہم نے وزیراعظم سے درخواست کی ہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم کو بھی کرکٹ کی طرح سہولیات مہیا کی جائیں ۔ تاکہ یہ ابھرتے ہوے نوجوان کھلاڑی اگے جا کر پاکستان کا نام روشن کر سکیں۔ہم امید کرتے ہیں۔ حکومتی اور پرائیوٹ سطح پر قومی کھیل کی حوصلہ افزائی ہوگی تو انشاء اللہ یہ کھلاڑی قوم کو کبھی مایوس نہیں کریں گے۔