اسلام آباد (رپورٹ حنیف خالد) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ امریکہ کے موقع پر 75امریکی معروف قانون سازوں نے امریکی صدر جوبائیڈن کے نام خط لکھا ہے ۔ خط جس پر اٹھارہ امریکی سینیٹر ز اور57 اراکین کانگریس کے دستخط ہیں میں بھارت میں بڑھتی ہوئی سیاسی گھٹن، مذہبی عدم برداشت ، سول سوسائٹی اور صحافیوں کو نشانہ بنائے جانے، آزادی اظہار اور انٹرنیٹ کی بندش جیسے سنگین مسائل کی طرف امریکی صدر کی توجہ مبذول کرائی گئی ہے ۔ خط میں امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی 2022 کی کنٹری رپورٹ برائے انسانی حقوق میں بھارت میں سیاسی حقوق اور اظہاررائے کی بندشوں کا بھی ذکر ہے۔ سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی 2022 کی رپورٹ برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی میں بھارت میں جاری مذہبی عدم برداشت اور ریاستی اور پرائیویٹ کارندوں کی جانب سے اقلیتوں کے خلاف تشدد کا حوالہ دیا گیا ہے۔