کراچی( رپورٹ/ اخترعلی اختر ) عالمی کلچر فیسٹیول میں 39 روز رنگ و نور کی برسات ہوتی رہی، ثقافتی میلے کا اختتام شاندار میوزیکل کنسرٹ پر ہوا،بین الاقوامی شہرت یافتہ فنکاروں نے مختلف زبانوں میں گیت پیش کرکے دل جیت لئے، 80 برس کے بینجو نواز استاد نور بخش نے ایک مرتبہ پھر دھوم مچا دی، تفصیلات کے مطابق فیسٹیول کے آخری روز کا آغاز کیمرون کے معروف ڈانسر Jay C Valکی ڈانس ورکشاپ سے کیا گیا،جس میں آرٹس کونسل ڈانس اکیڈمی کے طلباءنے بھرپور انداز میں شرکت کی اور ڈانس کے گُر سیکھے، جبکہ مصر کی جانب سے تھیٹر پلے ”When“ پیش کیا گیاجس کی ہدایت کاری اور تحریر Eiad Elsiedy اور پیش کش مصر کی بیدیہ کی تھی ۔ آخر میں میگا میوزیکل پرفارمنس پیش کی گئی, جس میں بلوچی فنکار استاد نور بخش کی بینجو کی دھنوں پر پنڈال جھوم اٹھا, انہوں نے عالمی فیسٹیول میں تین بار پرفارمنس دی۔