ٹنڈو الہیار (مستجاب الرحمٰن) جیم خانہ ٹنڈوالہ یارمیں سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ کا مقابلہ کسی صوبے یا شہر سے نہیں بلکہ دنیا سے ہے ، کسی سیاسی جماعت کو چیلنج کرنا ہے تو کر کے دیکھ لے، دنیا بھر میں سب سے مہنگا علاج این آئی سی وی ڈی سے بالکل مفت ہوتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کھلی کچہری میں ایم این اے ذوالفقار ستار بچانی، ایم پی اے ضیا عباس شاہ، ایم پی اے امداد علی پتافی، پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر ظہیر عباس پتافی، پارٹی کارکنان اور مختلف سرکاری محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ شہریوں نے آئی بی اے کے امتحانی مرکز کی تبدیلی، صاف پینے کے پانی کی فراہمی، بجلی کے مسائل، پولیس میں بھرتیوں، تعلیم اور صحت کی صورتحال، زرعی زمینوں کی رجسٹریشن اور ٹرانسپورٹ سے متعلق اپنے مسائل پیش کیے۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے تمام متعلقہ افسران کو ان مسائل کے فوری حل کی ہدایات جاری کیں۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ وہ دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانیوں کو دل کی گہرائی سے سندھی ثقافتی دن کی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔