کراچی (نیوز ڈیسک) اسرائیلی عوام اب بھی 7 اکتوبر ڈر اور صدمے کا شکار، جھلکیاں خوابوں میں ظاہر، نئی تحقیق میں محققین نے 203 خوابوں کے بیانیے جمع کر کے تجزیہ کیا، خوف، عدم تحفظ اور مسلسل ذہنی دباؤ نمایاں رہا۔ جنگ اور حملے کی یادیں لاشعور میں گہرائی تک نقش، ماہرین کا کہنا ہے اسرائیلی معاشرے کو طویل نفسیاتی معاونت کی ضرورت ہے۔ یروشلم پوسٹ میں شائع ایک نئی تحقیق کے مطابق 7 اکتوبر 2023 کے حماس حملے اور اس کے بعد کی اسرائیل حماس جنگ نے اسرائیلی عوام کے ذہنوں پر گہرے صدمے کے اثرات چھوڑے ہیں، جن کی جھلک ان کے خوابوں میں بھی مسلسل نظر آ رہی ہے۔ محققین نے 203 خوابوں کے بیانیوں کا فینومینولوجیکل اپروچ کے ذریعے تجزیہ کیا اور پایا کہ ان میں خوف، غیر محفوظ ہونے کا احساس، جنگی مناظر، اپنوں کو کھونے کا ڈر اور بے بسی جیسے عناصر نمایاں تھے، جو اس اجتماعی صدمے کی علامت ہیں جس سے اسرائیلی معاشرہ اب بھی گزر رہا ہے۔ بہت سے افراد نے اپنے خوابوں میں دہشتگردی، گولی باری، دھماکے یا کسی کے پیچھا کرنے جیسے مناظر دیکھے۔