کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے دعویٰ کیاہے کہ آئندہ 10دن میں قانونی طریقہ کار کے مطابق میں اور ڈپٹی میئر کسی ایک یوسی سے الیکشن لڑنے کا اعلان کریں گے،قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اٹھانے کے لئے موثر حکمت عملی بنالی، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کا سربراہ ہوں، شہر کو صاف رکھنے کے لئے پلاسٹک کی تھیلیوں کا استعمال بند کرنا ہوگا، اس اجتماعی سوچ کو اجاگر کرنا ہے کہ یہ شہر میرا بھی ہے اور آپ کا بھی! الیکشن کا مرحلہ ختم ہوگیا، اب ہم سب کو شہر کے مفاد میں سیاست سے بالاتر ہو کر کام کرنا ہے، وقت فیصلہ کرے گا کون بے اختیار ہے اور کون با اختیار! اپوزیشن کو بھی دعوت دیتا ہوں کہ شہر کی بہتری اور ترقی کے لئے ہمارا ہاتھ بٹائیں۔ وہ منگل کو یہاں فریئر ہال میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد،پیپلزپارٹی کے رہنما نجمی عالم، قادر پٹیل اور کرم اللہ وقاصی بھی موجود تھے۔میئر کراچی نے کہا کہ میڈیا کے ذریعے کراچی کے شہریوں کو ترقی کے لئے روڈ میپ بتانا ہے،کام کرنے کی نیت ہے اور انشاء اللہ بہت جلد شہریوں کو ہر جگہ کام ہوتا نظر آئے گا،سسٹم آف گورننس کو بہتر اور شفاف بنائیں گے، غیر منتخب ہونے کا الزام غلط ہے، قانونی طریقے سے الیکشن ہوا اور ہمیں میئر اور ڈپٹی میئر منتخب کیا گیا،فی الوقت اصل چیلنج بارشوں سے نمٹنا اور نالوں کی بحالی اور صفائی ہے،10 دن پہلے نالوں کی صفائی شروع کردی اور 20 فیصد کام مکمل کردیا ہے،کے ایم سی کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کے لئے صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر کام کریں گے،شہر کو پانی کی کمی کا سامنا ہے جس کے لئے مختلف منصوبوں پر عملدرآمد کر رہے ہیں، شہر میں سیوریج سسٹم بہتر بنایا جارہا ہے۔