ترکیہ کی تاریخی ڈرامہ سیریز ’کورولوس عثمان‘ کا سیٹ عام عوام کی سیرو تفریح کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام پر ’کورولوس عثمان‘ کے مرکزی کردار براق ازچویت نے اس سے متعلق پوسٹس شیئر کی ہیں۔
’عثمان بے‘ کا کردار کرنے والے اداکار براق نے یہ دونوں پوسٹس ترک اور انگریزی زبان میں شیئر کی ہیں۔
اداکار براق ازچویت کا اس پوسٹ میں ’کورولوس عثمان‘ کے چند دلچسپ اور خوبصورت مناظر پر مبنی ایک کلپ شیئر کرتے ہوئے لکھنا ہے کہ ’وقت آ گیا ہے! اب ہم سیاحت کے لیے تعمیر شدہ سیٹ کھول رہے ہیں: عثمان ڈرامے کا سیٹ، جسے آپ اب تک دیکھنا چاہتے تھے، اس کی شاندار سجاوٹ، خانہ بدوشوں کے کیمپ، گھڑ سواری، ریستوران اور کیفے، اب آپ جب چاہیں ہماری سیاحتی سائٹ کا دورہ کر سکتے ہیں اور تمام سرگرمیوں کو براہِ راست دیکھنے کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
براق ازچویت کی اس پوسٹ کے مطابق کورولوس عثمان کا سیٹ 24 جون سے عام عوام کی سیرو تفریح کے لیے کھول دیا جائے گا۔
عثمان سیریز کے سیٹ پر سیر کے لیے آنے والے مداحوں کو ڈرامے کی ویب سائٹ پر اپنا نام رجسٹر کروانے اور نامزدگی کے اعلان کا انتظار کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔