کوئٹہ(پ ر)نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے صوبائی جنرل سیکرٹری اسفندیار کاکڑ کی سربراہی میں لورالائی کے نمائندہ وفد ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے رہنماوں ملک امید خان کاکڑ، حاجی بلوچ خان نے پارٹی چیئرمین رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ کی قیادت میں اسلام آباد میں وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود سے ملاقات کی۔وفد نے لورالائی اور دیگر اضلاع کے زمینداروں، ٹرانسپورٹرز ،کاشتکاروں کو مون سون کے بارشوں کے دوران فورٹ منرو اور دانہ سر کے مقامات پر روڈز کی بندش سے سبزیات و میوہ جات کا پنجاب و خیبر پشتونخوا کے منڈیوں تک ترسیل میں حائل رکاوٹوں سے بھاری نقصانات کے اہم مسئلے سے آگاہ کرکے اس سلسلے میں اقدامات اٹھانے اور این۔ایچ۔اے حکام سمیت انتظامیہ کو ذمہ داریوں کو پوری کرنے کا پابند بنانے کا مطالبہ کیا۔وفد نے لورالائی موسیٰ خیل تا تونسہ روڈ کے تعمیراتی کام کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے اور معیار کو ممکن بنانے پر زور دیا۔وفاقی وزیر نے وفد کو یقین دلایا کہ اس سلسلے میں ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائینگے اور اس مسئلے کو حل کرکے ان شاھراوں پر ٹریفک کو رواں دواں رکھنے اور لورالائی تونسہ روڈ کی بروقت معیاری تعمیر کو ممکن بنایا جائیگا۔علاوہ ازیں وفد نے وفاقی وزیر مملکت اور لورالائی سے منتخب رکن قومی اسمبلی جناب اسرار ترین سے بھی اس سلسلے میں ملاقات کی اور اس مسئلے سے انھیں آگاہ کیا۔وفاقی وزیر مملکت نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ وہ اس سلسلے میں متعلقہ حکام کو اگاہ کرکے احکامات جاری کرینگے۔وفد نے محسن داوڑ،اسعد محمود،اسرار ترین کا شکریہ ادا کیا۔