کوئٹہ (پ ر) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی تحصیل کچلاغ کے ایگزیکٹیوز کا اجلاس تحصیل سیکرٹری ملک نادر خان کاکڑ کی صدارت میں ہوا۔جس میں صوبائی سیکرٹری کبیر افغان، صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز ملک عمر خان کاکڑ، حبیب الرحمنٰ بازئی،حضرت عمر اچکزئی،رزاق خان ترین،نظام خان عسکر،تحصیل سینئر معاون سیکرٹری رحمت خان ناصر اور تحصیل ایگزیکٹیوز کے ارکان نے شرکت کی ۔ اجلاس میں جہانگیر خان کاکڑ اطلاعات سیکرٹری،سردار عبدالرحمنٰ خلجی مالیات سیکرٹری، اکبر خان آفس سیکرٹری،پالے شاہ ثقافت سیکرٹری،انجینئر مقصود بازئی کو رابطہ سیکرٹری کے عہدے سونپے گئے ۔ اسی طرح پشتونخوا ملی عوامی پارٹی تحصیل شارکے ایگزیکٹیو زکا اجلاس تحصیل سیکرٹری منان خان نصرت کی صدارت میں ہوا۔اجلاس میں صوبائی ڈپٹی سیکرٹری نظام خان عسکر،ضلع معاون سیکرٹری جمشید خان دوتانی،مرکزی کمیٹی ممبر صاحب خان بڑیچ،صوبائی کمیٹی کے رکن صاحب خان،تحصیل سینئر معاون سیکرٹری شکور افغان اور تحصیل ایگزیکٹیو نے شرکت کی۔ اجلاسوں میں پارٹی ضلع کوئٹہ کی کانفرنس 25جون کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور اس حوالے سے مختلف فیصلے کیئے گئے اور کمیٹیاں تشکیل دی گئیں ۔ پارٹی رہنماؤں نے کارکنوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی پر عوام کے اعتماد میں اضافہ پارٹی کی درست قومی سیاسی اور پارٹی چیئرمین محمود خان اچکزئی کا بیانیہ ہے اور اس بیانیہ کے فروغ کیلئے کارکنوں نے پارٹی پروگرام کو گھر گھر تک پہنچانا ہوگا ۔ ہمارے عوام پشتونخواملی عوامی پارٹی کو اپنی نجات دہندہ سمجھتے ہیں ایسے میں پارٹی کے عہدیداروں ، کارکنوں پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں کہ وہ دن رات محنت کرکے اپنے عوام کو درپیش مسائل حل کرتے ہوئے ان کی خدمت میں صف اول کا کردار ادا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ آج اتوار 25جون کو پارٹی ضلع کوئٹہ کی کانفرنس میں پارٹی کے تمام مندوبین انتہائی نظم وضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے تنظیمی اصولوں کی پاسداری کریں اور ضلع کوئٹہ کی تنظیمی ڈھانچے کی تکمیل کے آخری مرحلے میں اپنا جمہوری ، تعمیری مثبت کردار ادا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کوئٹہ کی کانفرنس میں پارٹی چیئرمین محمود خان اچکزئی شرکت کرینگے اور اس سلسلے میں جن عہدیداروں ، کارکنوں کو انتظامی ، سیکورٹی ، خوراک ، ٹریفک ودیگر کمیٹیوں میں جو ذمہ داریاں سونپی گئیں ہیں ان کو بخوبی ایمانداری کے ساتھ نبھاکر اپنے فرائض پورے کیئے جائیں۔