ماسکو (اے ایف پی)کریملن نے کہا کہ ایرانی صدر نے 24 جون کے واقعات کے سلسلے میں روسی قیادت کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔ کریملن نے کہا کہ روسی صدر کو قطر کے شیخ تمیم بن حمد الثانی کا بھی فون آیا، انہوں نے بھی اپنی حمایت کا اظہار کیا۔دریں اثناء گزشتہ ہفتے کے آخر میں کرائے کے فوجیوں کے گروپ ویگنر کی بغاوت کے خاتمے کے بعد پہلی بار گزشتہ روز روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کریملن ویڈیو خطاب میں منظرعام پر آئے۔ولادیمیر پیوٹن نے مستقبل کے انجینئرزکے نام سے موسوم نوجوانوں کے ایک فورم سے خطاب کیا جہاں انہوں نے سخت بیرونی چیلنجوں کا سامناکرتے ہوئے ملکی صنعت کے مستحکم آپریشن کو یقینی بنانے کے لیے کمپنیوں کی تعریف کی۔روسی صدر سے ٹیلی فونک رابطے کے بعد ایرانی صدر کے سیاسی نائب محمد جمشیدی نے ایرانی صدر کے حوالے سے ایک ٹویٹ میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران روسی خودمختاری کی حمایت کرتا ہے۔