کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) سی آئی اے پولیس نے موٹرسائیکل چھیننےاور چوری کرنے والے گروہ کےسرغنہ سمیت3کارندوں اور ایک خریدار کو گرفتار کرکے شہر کے مختلف علاقوں سے چھینی گئی سات موٹرسائیکلیں قبضے میں لے لیں ۔سی آئی اے ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی کوئٹہ اظفرمہیسر نے شہر میں بڑھتے ہوئے سٹریٹ کرائمز کا نوٹس لیتے ہوئے سی آئی اے پولیس کی ٹیم کو ملزمان کی گرفتاری کی ہدایت کی جس پر ٹیم نے گزشتہ روز مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے موٹرسائیکل چھیننے اور چوری کرنے والے گروہ کے سرغنہ حکمت اللہ کو دو ساتھیوں وکیل احمد اور حکمت اللہ سمیت گرفتار کرکے جناح ٹاؤن کینٹ زرغون روڈسمیت مختلف علاقوں سے چھینی گئی 7موٹرسائیکلیں قبضے میں لے لیں۔ ذرائع نے بتایا کہ دوران تفتیش ملزمان کی نشاندہی پر چوری شدہ موٹرسائیکلیں خریدنے والے ملزم دینہ محمد کو بھی گرفتار کرلیا۔ ذرائع نے بتایا کہ ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں سے 40سے زائد موٹرسائیکلیں چوری اور چھینی ، جو 25سے 40ہزار روپے میں فروخت کی گئیں۔ سی آئی اے مزید تفتیش کررہی ہے۔