• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ گورنمنٹ اسپتال کراچی میں 7 نئی اور جدید مشینیں نصب

کراچی (بابر علی اعوان / اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سرکاری ملازمین کے لئے قائم سندھ گورنمنٹ سروسز اسپتال کراچی میں7نئی اور جدید مشینیں نصب کر دی گئی ہیں جبکہ 13جدید مشینیں رواں ماہ کے اواخر یا اگلے ماہ کے اوائل تک نصب کر دی جائیں گی جس سے امراض کی تشخیص اور بہتر علاج میں مدد مل سکے گی۔ اسپتال میں بیہوشی کی مشین بمعہ وینٹی لیٹر، ای ٹی ٹی مشین، کیپنوگراف، الٹراسانک مشین، امیجنگ سسٹم کورڈلیس، پورٹیبل ایکسرے کیمرہ اور شارٹ ویو ڈایا تھرمی نصب کی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے سروسز اسپتال کراچی کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سید خالد بخاری نے بتایا کہ بیہوشی کی مشین بمعہ وینٹی لیٹر اور کیپنوگرافی مشینیں آپریشن تھیٹر میں نصب کی گئی ہیں جس سے دوران آپریشن مدد ملے گی، ای ٹی ٹی مشین کارڈک او پی ڈی میں رکھی گئی ہے، الٹرسانک اور شارٹ ویو ڈایا تھرمی مشینیں فزیو تھراپی ڈیپارٹمنٹ جبکہ پورٹیبل ایکسرے کیمرہ اور امیجنگ سسٹم کورڈ لیس مشین ڈینٹل ڈیپارٹمنٹ میں رکھی گئی ہیں جس سے سندھ کے سرکاری ملازمین کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی میں مدد ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو اور سیکریٹری صحت سندھ سید ذوالفقار علی شاہ کے مشکور ہیں جنہوں نے خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے نئی اور جدید مشینیں کی خریداری کی ہدایت کی اور اسپتال انتظامیہ پر اعتماد کا اظہار کیا۔
اہم خبریں سے مزید