پاکستان ہاکی فیڈریشن کے موجودہ عہدے داروں کو اپنا چارج سنبھالے ہوئے اگلے ماہ ایک سال مکمل ہوجائے گا، مگر حکومتی سطح پر تاحال اس کی قانونی پوزیشن کو تسلیم نہیں کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے فیڈریشن کے حکام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، وزیر اعظم کی ہدایت پر فیڈریشن کے معاملات کی چھان بین کے لئے ایک کمیٹی قائم کی گئی، اس کی رپورٹ وزیر اعظم ہائوس کی میز پر پڑی ہوئی ہے، تاہم یہ بات خوش آئند ہے کہ حکومت کی جانب سے اس عرصے کے دوران بین الصوبائی رابطے کی وزارت نے سابق ہیڈ کوچ ایکمین کے دس ماہ کے بقایاجات کے چیک جاری کردئیے اور یہ چیک فیڈریشن کے حوالے کےگئے، جبکہ جنوبی افریقا میں نیشنز کپ اور اگلے ماہ بھارت میں ہونے والی ایشین چیمپئینزٹرافی میں ٹیم کی شرکت کے لئے فنڈ جاری کردیا، ایک سال کے دوران فیڈریشن نے نامساعب حالات اور مالی مشکلات کے باوجود قومی سطح پر ڈومیسٹک سر گرمیاں جاری رکھی ، جبکہ قومی جونیئر ، سنیئر اور خواتین ٹیموں کو عالمی مقابلوں میں شرکت کے لئے بھیجا۔
پچھلے سال اگست میں نشان حیدر ہاکی ٹورنامنٹ کا بھاول پور میں انعقاد کیا گیا، ستمبر میں بلوچستان چیف منسٹرگولڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ، نومبر میں ملتان میں کمشنرکپ آل پاکستان ، دسمبر میں پی اے ایف انٹرسروسزہاکی چیمپئن شپ، رواں سال مارچ میں پی اے ایف اکیڈمی اصغرخان ہاکی چیمپئن شپ، رمضان المبارک استاداسلم روڈااپریل میں لاہور میں پنجاب ہاکی سیریز، مئی میں کوئٹہ میں قومی گیمز ہاکی ایونٹ کا انعقاد کیا گیا، ڈومیسک سطح پر اگست میں بندی میں ماری سٹرویج ہاکی ٹورنامنٹ ، اکتوبر میں پنڈی میں قومی ہاکی چیمپین شپ نومبر میں کراچی میں چیف آف نیول اسٹاف آل پاکستان ایونٹ ہوگا جبکہ چیف آف آرمی اسٹاف انٹرکلبز ہاکی چیمپین شپ دسمبر میں کھیلی جائے گی۔پاکستان کی ٹیم نے انٹرنیشنل ایونٹس میں بھی حصہ لیا، پچھلے سال اگست میں بنکاک میں خواتین کپ ایشیا کپ میں قومی خواتین ٹیم نے شرکت کی، نومبر میں ایوہ ملائیشیا میں سلطان اذلان شاہ کپ میں ٹیم نے حصہ لیا، دسمبر میں جنوبی افریقامیں نیشنزکپ میں قومی ٹیم شریک ہوئی، مئی جون میں عمان میں جونیئر ایشیا کپ میں پاکستان نے سلور میڈل جیت کر ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی کیا، پاکستان نے سلطان اذلان شاہ کپ میں برانزمیڈل جیتا، نیشنزکپ کی کارکردگی سے عالمی درجہ بندی 18 سے 16 ویں پوزیشن پر آگئی۔
پاکستان ایشین چیمپینزٹرافی میں شرکت کے لیے آئندہ ماہ بھارت جائے گی عمان میں اگست میں ہی فائیواے سائیڈ ورلڈکپ کوالیفائی راؤنڈ میں حصہ لے گی، ستمبراکتوبر میں ایشین گیمز(چین) میں حصہ لے گی نومبر میں سلطان جوہر ہاکی ایونٹ میں شرکت کرے گی جبکہ دسمبر میں ملائیشیامیں جونیئر ورلڈکپ میں شریک ہوگی، پی ایچ ایف کی کوششوں سےپاکستانی امپائر فیض محمد فیضی ایشین امپائرنگ کمیٹی کے چئرمین جبکہ عالمی فیڈریشن کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے رکن بنے، پاکستان کو اگلے سال جنوری میں پہلی مرتبہ اولمپکس گیمز کے کوالیفائی راؤنڈ کی میزبانی مل گئی ہے، پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اگلے سال اولمپکس کوالیفائی راؤنڈ کی میزبانی کے بارے میں بین الصوبائی رابطے کی وفاقی وزارت سے رابطہ کرلیا ہے اور انہیں ایونٹ کے انعقاد کے حوالے سے وزارت کو تمام تفصیلات بھیج دی ہے، یہ مقابلے اگلے سال13سے21جنوری تک لاہور میں ہوں گے، پاکستان نے اگر رواں سال ایشین گیمز سے اولمپکس کے لئے کوالیفائی کرلیا تو اسے رسائی رائونڈ نہیں کھیلنا ہوگا،لاہور کے ایونٹ میں 8ملکوں کی ٹیمیں حصہ لیں گی، پاکستان اوراسپین میں مردوں کے ایونٹ کا ایک ،ایک ٹورنامنٹ ہو گا جس سے ٹاپ تین ٹیمیں پیرس اولمپکس کے لئے کوالیفائی کریں گی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری حیدر حسین نے کہا ہے کہ اولمپک ہاکی کوالیفائنگ راؤنڈ کا انعقاد چیلنج ہے۔ پی ایچ ایف کو ہمیشہ فنڈز کی کمی کا سامنا رہا ہے، حکومت اور اسپورٹس بورڈ نے بھی کبھی مایوس نہیں کیا۔ولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ کے لیے سب کے پاس جائیں گے، کوالیفائنگ راؤنڈ سے ملک میں ہاکی کا سنہری دور واپس آئے گا۔ پاکستان کو پہلی بار اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ کی میزبانی ملی ہے، پاکستان 1998کی چیمپئینز ٹرافی کے بعد کسی بڑے عالمی مقابلے کی میزبانی کرے گا۔