• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن کمیشن کو کراچی کی انتخابی فہرستوں میں بے ضابطگیوں کے ثبوت پیش

کراچی( اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار کی سربراہی میں وفد نے الیکشن کمیشن آفس اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کےحکام سے ملاقات کی ہے۔ایم کیو ایم کے وفد میں حق پرست رکن قومی اسمبلی محمد ابو بکر شامل تھے۔ایم کیو ایم کے وفد نے الیکشن کمیشن حکام کو کراچی میں انتخابی فہرستوں میں آنے والی بےضابطگیوں کے ثبوت اور شواہد پیش کئے اور مردم شماری پر تحفظات کا اظہار کیا۔اس موقع پر ڈاکٹر فاروق ستار نے الیکشن کمیشن آف پاکستان اسلام آباد کے باہر پریس بریفنگ میں کہا کہ کراچی میں جعلی ڈومیسائل پر سب غیر مقامی لوگوں کو نوکریاں مل رہی ہیں لیکن کراچی کے مقامیوں کو نہیں مل رہے، کراچی کو کالونی بنا کر مہاجروں کو غلام بنایا جارہا ہے،پیپلز پارٹی کا رویہ متعصبانہ ہے، پاکستان کی ترقی کا انحصار کراچی پر ہے لیکن کراچی کے عوام کے ساتھ سوتیلوں جیسا سلوک کیا جارہا ہے،کراچی کے عوام کو درست شمار نہیں کر کے نہ جانے کس کی خواہشات کو پورا کیا جارہا ہے،30 فیصد کراچی کے ووٹرز کو نکال کر کہیں اور پھینک دیا گیا ہے ہم نے اپنے تحفظات سے الیکشن کمیشن حکام کو آگاہ کر کے ثبوت پیش کر دئیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پچھلے الیکشن میں ایک شخص کی انا کی خاطر سب کو بھینٹ چڑھایا گیا اور ہماری جیتی ہوئی نشستیں بھی اس کے حوالے کرکے وزیرستان اور فاٹا سے تعلق رکھنے والوں کو اچانک کراچی کی نشست سے منتخب کیا گیا اسکے باوجود ہم نے جمہوریت کی خاطر اس کی حکومت کا ساتھ دیا۔

ملک بھر سے سے مزید