• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

5 اگست کو برطانیہ بھر میں بھارت کے خلاف احتجاج اور یوم سیاہ منائیں گے، رہنما تحریک کشمیر

لندن (پ ر) تحریک کشمیر برطانیہ کے قائم مقام صدر چوہدری محمد شریف ، جنرل سیکرٹری حافظ محمد آزاد چوہدری نے5اگست کو یوم سیاہ کے موقع پر آل پارٹیز کشمیر کے زیر اہتمام لندن مارچ اور مظاہرے میں بھرپور شرکت کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ دن برطانیہ بھر میں یوم سیاہ کے طور پر منایا جائے گا۔دونوں رہنماؤں نے کہا کہ لندن سے گلاسگو تک مختلف شہروں میں احتجاج کیا جائے گا۔ بریٖڈفورڈ میں احتجاجی ریلی نکالی جائے گی اور بھارتی مظالم، حریت قائدین کی رہائی کیلئے آواز بلند کی جائے گی۔ بھارت نے اپنے کالے قوانین کے تحت مسرت عالم، یاسین ملک، شبیر شاہ، آسیہ اندرابی، نعیم خان اور دیگر رہنماؤں کو جیل میں بند کر رکھا ہے ۔کشمیری اسیران کی زندگی کو شدید خطرہ ہے، اس سے پہلے سید علی گیلانی کو طویل عرصہ گھر میں نظر بند رکھا اور محمد اشرف صحرائی جیل میں شہید ہوگئے،بھارت مسلمانوں کی اکثریت کو ختم کرنے کیلئے جو سازشیں اور ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے کشمیری انہیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔5اگست2019کو بھارت نے 370اور 35a کو ختم کر کے جس طرح کے حالات پیدا کئے تھے بھارت کے ان غیر قانونی اقدامات کو کشمیریوں نے تسلیم نہیں کیا۔ کشمیری کسی تقسیم کشمیر کے فارمولے کو تسلیم نہیں کرتے، بھارت نے جو راستہ اختیار کر رکھا ہے اس سے خطے کے امن کو شدید خطرہ ہے، دنیا بھارت کے ناپاک عزائم کا نوٹس لے اور مودی کے منصوبوں کو روکے۔ تحریک کشمیر کے رہنماؤں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل طلب ہے، کشمیری مسئلہ کا پُرامن اور دیرپا حل چاہتے ہیں، بھارت کی ہٹ دھرمی، عالمی معاہدوں کی پابندی نہ کرنا مسئلہ کے حل میں رکاوٹ ہے، عالمی امن کے عَلم برداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت کو مجبور کریں وہ امن اور مذاکرات کا راستہ اختیار کرے۔

یورپ سے سے مزید