کراچی (اسٹاف رپورٹر )جماعت اسلامی نے شہرمیں پانی کی شدید قلت و بحران، غیر منصفانہ تقسیم، پانی چوروں و ٹینکر مافیا اور غیر قانونی ہائیڈرینٹ کی مبینہ سرکاری سرپرستی کے خلاف جمعہ کو شاہراہ فیصل واٹر بورڈ ہیڈ آفس پر احتجاجی دھرنا دیا ، دھر نے میں شہر بھر سے عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی ،مظاہرین نےپر جوش نعرے لگائے اور ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اُٹھا کر مطالبہ کیا کہ کراچی کے ساتھ ظلم و زیادتی بند کی جائے،پیپلز پارٹی اہل کراچی سے سیاسی انتقام نہ لے پانی دے، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کراچی کے عوام سے سیاسی انتقام نہ لے،اہل کراچی کو پانی دیا جائے، کے فور منصوبہ، ایس تھری منصوبہ، گجر نالہ پروجیکٹس فی الفور مکمل کیے جائیں۔ پانی چوروں، ٹینکر مافیا اور غیر قانونی ہائیڈرینٹ کی سرکاری سرپرستی ختم کی جائے، اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل اجلاس بلایا جائے اور پانی کی منصفانہ تقسیم کا سسٹم بنایا جائے۔ پیپلز پارٹی نے 15سال میں کراچی کے لیے ایک گیلن پانی کا اضافہ نہیں کیا، عبد الستار افغانی نے حب ڈیم سے کراچی کے لیے پانی کا انتظام کیا تھا پھر نعمت اللہ خان ایڈوکیٹ نے K-3منصوبہ مکمل کیا۔کے فور منصوبے کے تحت 650ملین گیلن یومیہ کراچی کو ملنا چاہیئے تھا لیکن وہ آج تک نہیں مل سکا، کے فور میں کٹوتی کر کے پانی آدھا کر دیا ہے لیکن وہ بھی تاحال مکمل نہیں کیا گیا۔