• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان ہاکی ایک سال کے عرصے سے غیر یقینی صورت حال سے دوچار ہے، حکومتی سطح پر تاحال اس کے انتخابات کو تسلیم نہیں کیا گیا ہے، ایک سال کے دوران حکومت کی جانب سے پی ایچ ایف کو وقفے وقفے سے مسلسل یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ اس کی کار کردگی اچھی نہیں، اس کے انتخابات قانوی تقاضے پورے نہیں کرتے، مگر پی ایچ ایف کے عہدے دار ان باتوں کی پرواہ کئے بغیر اپنے کام میں مصروف ہیں، وہ قومی ہاکی میں بہتری لانے، قومی سنیئر اور جونیئر ٹیموں کو عالمی مقابلوں میں شرکت کرارہے ہیں، اسی لئے عالمی سطح پر اس کی دوجہ بندی میں بھی بہتری آگئی ہے۔ 

پی ایچ ایف نے پچھلے دنوں ایک بڑی کامیابی اگلے سال جنوری میں اگلے اولمپکس گیمز کے رسائی راؤنڈ کی میزبانی حاصل کر کے حاصل کی ہے، مگر اس کے باوجود وزیر اعظم کی جانب سے وفاقی وزراء پر مشتمل کمیٹی نے سابق ہاکی اولمپئینز پر مشتمل کمیٹی کی سفارشات پر پی ایچ ایف کے موجودہ سیٹ اپ میں تبدیلی لانے کی تجویز دے دی ہے، حیرت انگیز طور پر پی سی بی میں پچھلے ایک دو سال کے دوران اس کی انتظامی کمیٹی کے دو سر براہ تبدیل ہوگئے مگر حکومت کی جانب سے قومی کھیل پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ 

تاہم یہ بات خوش آئند ہے کہ بین الصوبائی رابطے کی وزارت کے حکام پی ایچ ایف کے ساتھ تعاون کررہے ہیں، اس کی آئینی اور قانونی اہمیت کو تسلیم کررہی ہے، اس نے سابق ہیڈ کوچ ایکمین کے بقایا جات کے چیک بھی فیڈریشن کے حوالے کئے، بھارت میں ہونے والی ایشین چیمپئینز ٹرافی کی تیاری کے لئے ایک بڑی رقم بھی جاری کی، مگر کیا ہی بہتر ہوتا کہ وہ اس کے موجودہ سیٹ اپ کو بھی تسلیم کرلیتی، اب جبکہ ملک نئے عام انتخابات کی جانب بڑھ رہا ہے، ان حالات میں اگر موجودہ حکومت قومی کھیل کے حوالے سے کوئی واضح روڈ میپ دینے میں ناکام رہی تھی تو قومی کھیل کو مزید دھچکا لگے گا۔ 

یہ بات حیرت انگیز ضرور ہے مگر اس اعتبار سے قابل ستائش ہے کہ پی ایچ ایف نے تجربے کار اور قومی کھیل سے بے پناہ لگاؤ رکھنے والے سابق ہاکی اولمپئن شہناز شیخ کو پی ایچ ایف میں ہم عہدہ دینے کا فیصلہ کرلیا ہے، انہیں پی ایچ ایف میں بطور کنسلٹنٹ مقرر کیا جارہا ہے، شہناز شیخ ہاکی کے معاملات کی انکوائری کرنے والی سابق ہاکی اولمپئینز کی کمیٹی میں شامل تھے، اس کمیٹی کے ایک اور رکن سابق کپتان اصلاح الدین بھی اس وقت سندھ ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر ہیں، سابق ہاکی اولمپئینز کو فیڈریشن میں لانے کا فیصلہ خوش آئند ہے اس سے قومی کھیل میں بہتری لانے میں مدد ملے گی، پاکستان ہاکی فیڈریشن نےا اولمپک ہاکی کوالیفائنگ راؤنڈ سے قبل پاکستان میں انٹرنیشنل ہاکی سیریز کرانے کا فیصلہ کیا ہے میگا ایونٹ سے قبل غیر ملکی ٹیمیں پاکستان آئیں گی تو کوالیفائنگ راؤنڈ پاکستان میں کرانے پر دشواریاں نہیں ہوں گے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے وفد نے سیکرٹری حیدر حسین کی قیادت میں انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (آئی ایچ ایف) کے صدر طیب اکرام سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں اولپمک کوالیفائنگ راؤنڈ سے قبل پاکستان میں انٹرنیشنل ہاکی سیریز منعقد کرانے کے منصوبے سے آگاہ کیا۔

حیدر حسین کا کہنا تھا کہ اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ سے قبل کراچی اور لاہور میں انٹرنیشنل ہاکی سیریز منعقد ہوگی،ملاقات کے دوران آئی ایچ ایف کے صدر طیب اکرام نے اولمپک ہاکی کوالیفائنگ راؤنڈ سے قبل پی ایچ ایف کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے پاکستانی وفد کو مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

اسپورٹس سے مزید
کھیل سے مزید