لاہور(آصف محمود بٹ سے) ایران کے وزیر برائے سیاحت و ثقافتی ورثہ عزت اللہ ضرغامی نے کہا ہے کہ ان کا ملک اس بات پر یقین رکھتا ہے دنیا میں دہشت گردی کی اصل جڑ امریکہ ہے۔ جو سمجھتے تھے ایران پتھر کے دور میں چلاجائیگاوہی ہماری ترقی پر حیران ہیں انقلاب ایران کے شروع سے ہی ایران دہشت گردی کا شکار رہا ہے۔ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی اور اس کےشدید اثرات کی مذمت کرتے ہیں اور پاکستان میں حالیہ دہشت گردی میں شہید ہونے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ عالم اسلام کو تفرقے سے بچنا ہوگا ۔ امریکہ چاہتا ہے کہ عالم اسلام میں تفرقہ پیدا ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے روزنامہ ’’جنگ‘‘ سے خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔ ایرانی وزیر سیاحت و ثقافت نے کہا کہ امریکی حکام نے انتخابات کے دوران دہشت گردی کے حوالے سے کئی مرتبہ اظہار کیا ۔ اسلامی جمہوریہ ایران انقلاب ایران کے ثمرات کو دیکھنے کے لئے ایک کھلی کتاب ہے۔ عزت اللہ ضرغامی نے کہا کہ امریکہ نے ظالم اور غیر بشری پابندیوں کے ذریعے ایران کو زمین بوس کرنے کی کوشش کی ۔