• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدر پریس کلب خضدار پر حملے کے ملزمان کو گرفتار کیا جائے‘ بی یو جے

کوئٹہ (آن لائن)بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے خضدار پریس کلب کے صدر اورمقامی روزنامہ کے خضدار میں نمائندے مولانا صدیق مینگل پر ہونے والے قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے خضدار میں صحافیوں پر پے درپے حملوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ صحافیوں پر حملوں میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے۔ بی یو جے کے صدر عرفان سعید جنرل سیکرٹری منظور احمد اور کابینہ کے دیگر ارکان نے مشترکہ بیان میں کہا کہ خضدار پریس کلب کے صدر مولانا صدیق مینگل پر کھٹان بند کے ایریا میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کی، خوش قسمتی سے وہ قاتلانہ حملے میں محفوظ رہے، اس سے پہلے صحافی محمد خان ساسولی پر بھی اسی نوعیت کا قاتلانہ حملہ ہوا۔ بی یو جے قیادت نے خضدار میں صحافیوں پر پے در پے حملوں کے واقعات اور ملزمان کی عدم گرفتاری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو، صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا لانگو اور آئی جی بلوچستان پولیس عبدالخالق شیخ سے مطالبہ کیا کہ مولانا صدیق مینگل اور محمد خان ساسولی پر ہونے والے حملوں کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کیلئے فوری اقدامات کریں۔ بیان میں کہا گیا کہ ماضی قریب میں خضدار میں بڑی تعداد میں صحافیوں کو شہید کیا گیا،کئی عرصہ تک صحافی اور میڈیا کی آزادی علاقے میں محدود رہی، حالات اب مزید اس قسم کے واقعات کا متحمل نہیں ہوسکتے۔ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے خضدار میں صحافیوں کے تحفظ اور آزادی صحافت کو یقینی بنانے کیلئے سنجیدہ اقدامات کرے ۔
کوئٹہ سے مزید