کراچی (اسٹاف رپورٹر) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہےکہ نگراں حکومت، قومی اور بین الاقوامی معاہدوں کی پاسداری کریگی، ٹیکس چوری سے متعلق آدھا سچ سامنے آتا ہے کہ ٹیکس کی درست تقسیم نہیں ہوتی، ملکی ترقی کیلئے متحد ہوکر اجتماعی کوششیں کرنا ہونگی، کراچی کے تاجروں کا ملکی معیشت میں اہم کردار ہے، تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے ہرممکن اقدامات کرینگے، کراچی میں سرمایہ کاری کیلئے حوصلہ افزائی کی جائے، گورننس بڑا مسئلہ ہے، سستی بجلی کے بغیر صنعتوں کا فروغ مشکل ہے، ہمارا مینڈیٹ محدود ہے، منصفانہ اور شفاف انتخابات کیلئے پرعزم ہیں۔ان خیالات کا اظہار نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے بدھ کو کراچی میں کاروباری برادری کے وفد اور نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقرگفتگو کرتے ہوئے کیا۔نگراں وزیراعلیٰ نے مجموعی طور امن و امان پر بھی تبادلہ خیال کیا اور لاڑکانہ و سکھر ڈویژن میں بدامنی پھیلانے والے ڈاکوؤں کیخلاف آپریشن شروع کرنے پر اتفاق کیا۔ علاوہ ازیں پیپلز پارٹی کے وفدنے بھی نگران وزیراعظم سے ملاقات کی اور صوبےکے دیرینہ مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا۔ تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعظم نے کہاکہ تاجر برادری معاشی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ان کی بدولت کارہائے روزگار چل رہا ہے۔ انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ ہمارا مینڈیٹ بہت محدود ہے، آئینی و قانونی امور کا تسلسل قائم رکھتے ہوئے نئی جمہوری حکومت کے قیام تک اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے تاکہ نظام میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو اور انتقال اقتدار کا مرحلہ خوش اسلوبی سے مکمل ہو ۔انہو ں نے کہاکہ کراچی اور یہاں کی تاجر برادری ملک کی شان ہے، کراچی کی تاجر برادری کا ملکی معیشت میں اہم کردار ہے۔نگران وزیراعظم نے کہاکہ گورننس بڑا مسئلہ ہے، سستی بجلی کی فراہمی یقینی نہیں بنائی جائے گی تو ملک میں صنعتیں کیسے فروغ پائیں گی۔ انوار الحق کاکڑ نے کہاکہ میں یقین دلاتا ہوں کہ ہم مل کرمثبت تبدیلی لائینگے، ہمیں ایک دوسرےکو سننا ہوگا، ملک کی مجموعی معاشی ترقی کا سفر متحد ہوکر پایہ تکمیل تک پہنچایا جاسکتا ہے۔