بالی ووڈ کے معروف اداکار وجے ورما نے گھر سے بھاگنے اور والد سے لمبے عرصے تک بات نہ کرنے سے متعلق انکشاف کیا ہے۔
مشہور اداکار، اکثر اوقات ہی منفی کرداروں میں نظر آنے والے وجے ورما اپنی اداکارانہ صلاحیتوں کے سبب بے حد پسند کیے جاتے ہیں، ان کی بالی ووڈ کی متعدد نامور فلموں میں گلی بوائے، دہاڑ، ڈارلنگز، کالکوٹ شامل ہے۔
وجے ورما کے لیے اداکاری کے شعبے کو بطور پیشہ چننا اتنا آسان نہیں تھا، اُنہیں اپنا شوق پورا کرنے کے لیے اپنے خاندان سے لڑنا، گھر سے بھاگنا اور بہت سی قربانیاں دینی پڑیں۔
ایک حالیہ انٹرویو میں وجے ورما نے اپنے والد کے ساتھ پیچیدہ تعلقات اور گھر سے بھاگنے کی وجہ پر کُھل کر بات کی ہے۔
اداکار نے ’فلم کمپینین‘ کے ساتھ ایک انٹرویو میں بتایا ہے کہ شروع میں ان کا اپنے خاندان کے سب ہی افراد کے ساتھ بہت پیار بھرا رشتہ تھا، کیوں کہ گھر میں وہ سب سے چھوٹے تھے اسی لیے اِن کی چھوٹی عمر ہی سے والدین اُن کے تمام مطالبات پورے کرتے تھے۔
اداکار نے بتایا کہ جب انہوں نے اپنے خاندان کے سامنے انڈسٹری جوائن کرنے سے متعلق اپنے خیالات رکھے تو اُن کے والد نے اس بات کا برا منایا اور اُن سے بات چیت کرنا بند کر دی۔
وجے ورما نے انٹرویو کے دوران انکشاف کیا کہ انہوں نے اور اُن کے والد نے 8 سال تک بات نہیں کی تھی۔
وجے نے بتایا کہ میرے کے والد چاہتے تھے کہ میں حیدرآباد میں اپنے دستکاری کے کاروبار میں دلچسپی اور حصہ لوں جبکہ میرا ذہن اداکاری کی جانب بن گیا تھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ والد کی جانب سے مسلسل ناپسندیدگی کے اظہار کے سبب وہ اپنا شوق کو پورا کرنے کی خاطر گھر سے بھاگ گئے، گھر سے بھاگنے کے بعد 7سے 8 سال تک اُنہوں نے کسی سے بات نہیں کی۔
وجے ورما کے مطابق گھر سے بھاگنے اور 2019ء میں فلم ’گلی بوائے‘ کامیاب ہونے کے بعد انہوں نے اپنے والد سے بات کی اور اُن دونوں میں پہلے جیسا سب اچھا ہو گیا، وجے ورما کا کہنا تھا کہ اُن کے لیے گھر سے بھاگنا ضروری تھا ورنہ وہ اپنے خوابوں کو پورا نہ کر پاتے۔