لندن (نمائندہ جنگ) پاکستان کی محترم سماجی شخصیت، فخر پاکستان، ستارہ امتیاز، ہلال امتیاز سمیت مختلف عالمی ایوارڈ یافتہ بانی چیئرمین اخوت فاونڈیشن ڈاکٹر امجد ثاقب سے سنٹرل لندن میں برطانیہ کی ممتاز کاروباری و سماجی شخصیت چوہدری افتخار کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں بانی میئر میونسپل کارپوریشن میرپور چوہدری عبدالرزاق، ممتاز روحانی شخصیت سجادہ نشین حضرت میاں محمد بخش دربار عالیہ کھڑی شریف میرپور میاں محمد افضل،سابق مشیر اطلاعات وزیراعظم آزاد کشمیر صحافی اورنگزیب چوہدری، کاروباری شخصیت چوہدری پرویز و دیگر شامل تھے۔ وفد اور روزنامہ جنگ ،جیو ٹی وی سےگفتگو کرتے ہوئے بانی چیئرمین اخوت فاونڈیشن ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا اخوت فاونڈیشن اس وقت تک 208ارب روپے کے قرض حسنہ دے چکی ہے، ہم چاہتے ہیں لوگ خود اپنی محنت سے اپنے کاروبار کے زریعے اپنے لیے روزی، روٹی کا بندوبست کریں۔ قرض حسنہ دے کر ہم ان کی مدد کرتے ہیں تا کہ وہ بھکاری بن کر بھیک نہ مانگیں بلکہ ایک باعزت طریقے سے ہمارے معاشرے میں زندگی گزاریں، ہمیں اسلامی تعلیمات اور سنت رسولﷺ پر عمل کرتے ہوئے ایک دوسرے کیلئے آسانیاں پیدا کرنی چاہئیں، اگر ایک امیر شخص ایک غریب کی مدد کرے تو ہمارے بہت سے مسائل حل ہو جائیں۔ ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا اخوت فاونڈیشن نے اس وقت تک 40 لاکھ سے زائد خاندانوں کو بلاسود قرضے دیئے ہیں ،اخوت اس وقت دنیا کا بڑا ادارہ ہے جو عام غریب لوگوں کو بلاسود کاروبار کیلئے قرض حسنہ دے رہا ہے۔ پاکستانی قوم کے دل بہت بڑے ہیں ان میں ایک دوسرے کی مدد کا جذبہ بہت ہے، انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں سے کہا کہ وہ پاکستان کے عام شہریوں کی مدد کیلئے آگے آئیں، برطانیہ میں کمیونٹی ایک پونڈ کی چیرٹی سے آغاز کرے ،ایک پونڈ اور ایک ڈالر کی مدد سے بہت سے خاندانوں کو قرضہ حسنہ دیا جا سکتا ہے۔ برطانیہ سے ہمیں ایک دو پونڈ دینے والے لوگ مل جائیں تو ہم پاکستان کے بہت سے مزید خاندانوں کی مدد کر سکتے ہیں، ہر شخص روز قیامت اللہ کے سامنے جواب دہ ہو گا کہ اس نے اللہ تعالیٰ کی نعمتوں اور دیئے گئے وسائل سے عام لوگوں کی کیا خدمت کی، اس لیے ہر کسی کو اپنے حصے کا کام کرنا ہو گا۔ ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا کہ اخوت عام آدمی کیلئے اعلی تعلیم کے حصول کو ممکن بنانے کیلئے برطانیہ کے معیار کی یونیورسٹی قائم کرنے کیلئے کوششوں کو جاری رکھے ہوئے ہے۔ انشاااللہ بہت جلد اخوت یونیورسٹی میں عام آدمی اعلیٰ تعلیم کو ممکن بنا سکے گا،ہمارا نظریہ سوچ ہے، تعلیم پہلے حاصل کریں بعد میں اس کے اخراجات ادا کریں، پاکستان میں برطانیہ کے معیار کی یونیورسٹی بنائیں گے جو تعلیم پہلے دے گی اور تعلیم پر ہونے والے اخراجات آپ بعد میں ادا کریں، پاکستان میں اعلی تعلیم حاصل کرنا ہر کسی کیلئے ممکمن بنائیں گے۔ اوورسیز پاکستانی ہمارے کاموں اور خدمت کو خود پاکستان آکر دیکھیں ہم صرف اللہ کی رضا کیلئے لوگوں کی مدد کر رہے ہیں۔ اس موقع پر چوہدری افتخار نے کہا میں ڈاکٹر امجد ثاقب کی شخصیت اور فلاحی کاموں سے متاثر ہو کر اخوت کا حصہ بن چکا ہوں،اوورسیز پاکستانی بلاتفریق و تقسیم اخوت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے۔